Jan ۱۳, ۲۰۱۸ ۱۹:۴۹ Asia/Tehran
  • فلسطینی علاقوں میں صیہونی فوجیوں  کی جارحانہ کارروائیاں

صیہونی فوجیوں نے فلسطین کے مختلف علاقوں میں حملے کرکے سیکڑوں فلسطینیوں کو زخمی کردیا ہے- اس درمیان اقوام متحدہ نے مقبوضہ فلسطین میں جھڑپوں اور کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے -

صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے مختلف علاقوں میں فلسطینی مظاہرین پر حملے کرکے کم سے کم دو سو نوے فلسطینیوں کو زخمی کردیا - فلسطینی شہری غاصب صیہونی حکومت کےظالمانہ اقدامات کے خلاف مسلسل مظاہرے کررہے ہیں - غزہ اور غرب اردن کے مختلف علاقوں میں بیت المقدس کی حمایت میں بھی زبردست مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے غزہ کے باشندوں نے شہر کے ایک معروف اسکوائرپراجتماع کرکے بیت المقدس کے بارے میں صیہونی حکومت اور امریکا کے اقدامات کی مذمت کی اور فلسطینی انتظامیہ نیز پی ایل او کی مرکزی کونسل سے کہا کہ وہ غاصب اسرائیلی حکومت کے ساتھ سیکورٹی سے متعلق ہم آہنگی کا معاہدہ ختم کردیں- غزہ کے اجتماع میں شریک فلسطینیوں نے عرب اور اسلامی ملکوں سے بھی کہا ہے کہ وہ بیت المقدس کی حمایت میں عملی اقدام کریں - دریں اثنا صیہونی فوجیوں نے غزہ میں ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر بری طرح زخمی کردیا ہے - مصری فوجیوں نے بھی رفح میں ایک فلسطینی ماہیگیر کو گولی مار کر شہید کردیا ہے - صیہونی فوجیوں نے غزہ کے سرحدی علاقوں میں بھی فلسطینیوں پر فائرنگ کرکے متعدد فلسطینیوں کو زخمی کردیا - اس درمیان مشرق وسطی کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی کوآرڈینیٹر نے فلسطینی علاقوں میں صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جاری جھڑپوں پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے - اقوام متحدہ کے خصوصی کوآرڈینیٹر نیکولای میدونوف نے اپنے ٹویٹر پیج پر لکھا ہے کہ غرب اردن اورغزہ میں اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جاری جھڑپیں تشویشناک ہیں ان کا کہنا تھا کہ اس سے پورے خطے میں کشیدگی بڑھ سکتی ہے - بیت المقدس میں بھی بڑی تعداد میں فلسطینیوں نے مظاہرہ کرکے بیت المقدس کو غاصب صیہونی حکومت کا دارالحکومت قراردینے کے امریکی صدر ٹرمپ کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کی - بیت المقدس کی حمایت میں غرب اردن کے بھی مختلف شہروں منجملہ الخلیل میں بڑے پیمانے پر مظاہرے کئے گئے -

واضح رہے کہ گذشتہ چھے دسمبر کو امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے شیطانی فیصلے میں بیت المقدس کو غاصب صیہونی حکومت کا دارالحکومت اعلان کیا تھا جس کے  بعد فلسطینی علاقوں میں آئے دن احتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں- فلسطینی مظاہرین پر صہیونی فوجیوں کی فائرنگ سے اب تک دسیوں فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں -   

 

ٹیگس