Jan ۱۷, ۲۰۱۸ ۱۹:۰۳ Asia/Tehran
  • اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کے درمیان اختلافات میں اپنا مفاد تلاش کرتی ہیں

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کے درمیان اختلافات میں اپنا مفاد تلاش کرتی ہیں اور نہیں چاہتیں کہ مسلم ممالک اتحاد ویکجہتی اور امن و سکون کے سائے میں زندگی گزاریں۔

بدھ کے روز تہران میں عمان کے اسپیکر خالد ہلال ناصر المعمولی سے بات چیت کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے کہا کہ اسلامی ملکوں کے سربراہوں کے درمیان ملاقات اور گفتگو کا عمل مسائل کے حل، مشترکہ مفادات کے حصول، اتحاد و یکجہتی کی تقویت اور خطے میں امن و استحکام کا باعث بن سکتا ہے۔
صدر حسن روحانی نے یمنی عوام کی مشکلات اور مسائل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ بعض مغربی ممالک اپنے ہتھیاروں کی فروخت کی وجہ سے خطے میں جنگوں اور جھڑپوں سے خوش ہیں اور انہیں انسانی معاملات کی کوئی فکر نہیں ہے۔
صدر ایران نے یمن میں جنگ کے خاتمے اور قیام امن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے ایران اور عمان کا تعاون اہم ثابت ہوسکتا ہے ۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران اور عمان کے درمیان تعلقات کو دوستانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران چابہار اور جاسک کے ساحلی علاقوں میں عمانی سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کرتا ہے۔
عمان کے اسپیکر خالد ہلال ناصر المعمولی نے اس ملاقات میں ایران کی میزبانی میں ہونے والے اسلامی بین الپارلیمانی اجلاس کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران شروع ہی سے فلسطینی کاز کا حامی رہا ہے اور مسئلہ فلسطین کو عالم اسلام کے اولین مسئلے کے طور پر باقی رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آیند ہے کہ امت مسلمہ بیت المقدس کو لاحق خطرات کو محسوس اور اس کے سدباب کا سوچ رہی ہے۔
درایں اثنا لبنان کے اسپیکر نبی بری نے بدھ کے روز صدر حسن روحانی سے ملاقات کی اور عالم اسلام کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
صدر حسن روحانی نے اس موقع پر کہا کہ حالیہ مہینوں کے دوران خطے کی بعض حکومتوں کا چہرہ کھل کر سامنے آگیا ہے تاہم لبنان کی حکومت اور عوام بخوبی جانتے ہیں کہ دشمنوں کی تفرقہ انگیز سازشوں کا مقابلہ کیسے کیا جاسکتا ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ لبنان میں اندرونی اختلافات اور تفرقے سے صرف صیہونیوں کو فائدہ پہنچے گا۔
صدر ایران نے امید ظاہر کی کہ خطے کے تمام ممالک علاقائی امن و استحکام کو تقویت دینے اور باہمی اتحاد کو یقینی بنانے کے لیے اپنی پوری توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے مسائل و مشکلات کے حوالے سے اسلامی ممالک کے کاندھوں پر بڑی بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ صدر ایران نے یہ بات زور دے کہی کہ اتحاد و یکجہتی اور جہاد و اجتھاد کے ذریعے عالم اسلام کے مستقبل کو روشن اورتابناک بنایا جاسکتا ہے۔
لبنان کے اسپیکر نبی بری نے اس موقع اپنے ملک کی اندرونی صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئے، صیہونی حکومت کے مقابلے میں لبنانی عوام کی مزاحمت اور حزب اللہ کی حمایت کرنے پر اسلامی جمہوریہ ایران کا شکریہ ادا کیا۔

ٹیگس