Jan ۱۸, ۲۰۱۸ ۱۸:۴۱ Asia/Tehran
  • سعودی عرب پر یمنی فوج کا میزائل حملہ

یمن پر سعودی عرب کی وحشیانہ جارحیت کے جواب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے جنوبی سعودی عرب میں نجران کی طرف ایک بیلسٹک میزائل فائر کیا۔

سعودی ذرائع ابلاغ نے ماضی کی مانند ایک بار پھر دعوی کیا ہے کہ ان کے دفاعی میزائل سسٹم نے اپنے ہدف تک پہنچنے سے قبل کی ہی یمنی فوج کے اس میزائل کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔
اس سے قبل یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے منگل کی رات جنوبی سعودی عرب کے علاقے جازان کے ایئرپورٹ کی طرف کم دوری پر مار کرنے والا بیلسٹک میزائل فائر کیا تھا جسے سعودی فوجی ذرائع‏ نے فضا میں ہی تبا کرنے کا دعوی کیا تھا۔
دوسری جانب یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے وسطی اور شمالی یمن میں سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں پر حملے کر کے سعودی اتحاد کے چھتّیس فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔
یمنی فوج کے نشانے بازوں نے بھی صوبے مآرب میں سعودی اتحاد کے سولہ فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے امریکہ کی حمایت سے مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کو اپنی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے جس میں اب تک تیس ہزار سے زائد یمنی شہری شہید و زخمی اور دسیوں لاکھ بے گھر ہو چکے ہیں۔
سعودی عرب کی جانب سے اس غریب عرب ملک کے محاصرے کی وجہ سے یمن میں غذائی اشیا اور دواؤں کی بھی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے عام شہریوں کی ایک بڑی تعداد کو اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑ رہا ہے جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔

ٹیگس