Jan ۲۱, ۲۰۱۸ ۱۸:۲۲ Asia/Tehran
  • ہرات افغانستان میں دھماکہ، دسیوں ہلاک و زخمی

مغربی افغانستان کے صوبے ہرات میں سڑک کنارے نصب بم کے دھماکے میں بارہ افراد ہلاک ہو گئے۔

افغانستان کے صوبے ہرات کے علاقے گلران میں سڑک کنارے یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب وہاں سے ایک گاڑی گذر رہی تھی۔ ہلاک ہونے والے سب عام شہری بتائے جاتے ہیں۔
افغانستان میں صوبے ہرات میں طالبان گروہ سرگرم ہے جو اس قسم کے دھماکوں اور حملوں کی ذمہ داری بھی قبول کرتا رہا ہے۔ دوسری جانب صوبے فراہ میں افغان فضائیہ کی کارروائی میں طالبان گروہ کے چوالیس افراد ہلاک ہو گئے۔
افغان وزارت دفاع نے اس خبر کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی اتوار کے روز فراہ کے علاقے خاک سفید میں انجام پائی جس میں طالبان گروہ کے سولہ افراد زخمی بھی ہوئے اور ان کا فوجی ساز و سامان تباہ ہو گیا۔
ادھر صوبے فراہ کے علاقے ڈپٹی پولیس سربراہ گلبہار مجاہد، سڑک کنارے ہونے والے ایک اور بم دھماکے میں ہلاک ہو گیا۔
دریں اثنا صوبے ننگرہار میں افغان فوج کے حملے میں داعش دہشت گرد گروہ کے پندرہ عناصر ہلاک ہو گئے۔ داعش گروہ کے یہ دہشت گرد، حسکہ مینہ اور آچین کےعلاقوں میں انجام پانے والے حملوں میں ہلاک ہوئے۔
افغانستان سے ہی ایک اور خبر یہ ہے کہ صوبے جوزجان کے گورنر کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ قوش تپہ کے علاقے میں طالبان اور داعش دہشت گرد گروہ کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں دس داعشی دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔