Jan ۲۲, ۲۰۱۸ ۱۴:۲۶ Asia/Tehran
  • شام کی کامیابیوں میں ایران کا کردار بہت اہم ہے، بشار اسد

شام کے صدر بشار اسد نے شامی عوام کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے جنگ کے محاذوں پر ایرانی فوجی مشیروں اور ان کے اتحادیوں نے شامی فوج اور عوام کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

شام کے صدر بشار اسد نے دمشق میں ایران کے خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے سربراہ کمال خرازی سے ملاقات میں کہا ہے کہ علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف حتمی کامیابی تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی-

شامی صدر نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ شام کے شمالی علاقے کے کرد، دمشق حکومت کے ساتھ اتفاق رائے کر لیں گے اور یہ علاقہ امریکا کے اثر و رسوخ اور اس کے حمایت یافتہ دہشت گردوں سے پاک ہو جائے گا-

انہوں نے  کہا کہ شام کے شمالی علاقے میں ترک فوج کی جارحیت اور کارروائی اس مداخلت اور پالیسی کا ہی تسلسل ہے جو انقرہ نے شام کے بحران کے آغاز میں اپنائی تھی اور یہ پالیسی دہشت گردی اور دہشت گردوں کی حمایت پر استوار ہے-

ترکی کے جنگی طیاروں نے ہفتے کو شام کے شمال مغربی شہر حلب سے ساٹھ کلومیٹر دور واقع عفرین شہر اور اس کے آس پاس کے دیہاتوں پر بمباری کی تھی اور یہ حملہ بدستور جاری ہے-

ایران کے خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے سربراہ کمال خرازی نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ شام میں حالیہ کامیابیاں شامی فوج اور اس کے اتحادیوں کی کوششوں کی بدولت حاصل ہوئی ہیں اور شام سے دہشت گردوں کی مکمل نابودی تک یہ کوشش جاری رہنی چاہئے-

کمال خرازی نے کہا کہ شام اور استقامتی محاذ کے دشمن اپنی سازشوں سے باز نہیں آئیں گے اور دشمن کی سازشوں خاص طور پر علاقے کے بعض ملکوں کی سازشوں سے ہوشیار رہنا چاہئے-

ایران کے خارجہ تعلقات کی اسٹریٹیجک کونسل کے سربراہ کمال خرازی نے شام کے وزیر اوقاف محمد عبدالستار السید سے بھی ملاقات میں دشمنوں کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے عالم اسلام کے مسلمانوں کے اتحاد پر تاکید کی-

ان کا کہنا تھا کہ ایران نے ہمیشہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور مسلمانوں کے سبھی مسالک کی یکجہتی پر تاکید کی ہے-

شام کے وزیراوقاف نے بھی کہا کہ تہران اور دمشق دہشت گردانہ اور تکفیری نظریات کے مقابلے میں ڈٹے ہوئے ہیں اور دشمنوں کی نابودی تک وہ اپنا مشن جاری رکھیں گے-

 

ٹیگس