Jan ۲۸, ۲۰۱۸ ۱۴:۲۲ Asia/Tehran
  • یمن پر سعودی جارحیت، متعدد شہری شہید و زخمی

یمن پر تازہ سعودی جارحیت میں متعدد عام شہری شہید اور زخمی ہو گئے۔ ادھر عالمی ریڈکراس اور ہلال احمر فیڈریشن نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ سعودی محاصرے کی وجہ سے یمن میں انسانی بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

سرکاری خبر ر‎ساں ایجنسی سبا کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے بے گناہ عوام کے خلاف جارحیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے صوبے شبوہ کے علاقے صعید پر بمباری کی ہے۔
اس حملے میں کم سے کم سات بے گناہ یمنی شہری شہید اور متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
سعودی حکومت کے جارح طیاروں نے شبوہ میں عام شہریوں کے قتل کے ارتکاب کے بعد جنوب مغربی یمن کے صوبے تعز کے علاقے الرکب پر بھی بمباری کی جس میں ایک ہی خاندان کے چھے افراد شہید ہو گئے۔ شہید ہونے والوں میں دو کم سن بچیاں اور ایک خاتون بھی شامل ہے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ تعز علاقے المظفر پر بھی کئی بار بمباری کی ہے جبکہ صوبہ صعدہ کے رہائشی علاقوں پر سعودی بمباری میں متعدد مکانات تباہ ہو گئے۔
سعودی جارحیت کے جواب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ الجوف میں سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔
عسکری ذرائع کے مطابق یمنی فوج کی جانب سے داغے جانے والے دونوں میزائل اپنے نشانے پر لگے جس کے نتیجے میں سعودی اتحاد متعدد فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
یہاں اس بات کا ذکر ضروری ہے کہ سعودی جارحیت کے مقابلے میں یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں کی دفاعی طاقت میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ایک ترجمان نے نئے میزائل کی رونمائی کا اعلان بھی کیا ہے۔
انصار اللہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر پریس عبدالقدوس الشہاری نے کہا ہے کہ یہ میزائل آئندہ آنے والے دنوں میں جنگ یمن میں طاقت کے توازن کو تبدیل کر دے گا۔
درایں اثنا عالمی ریڈکراس اور ہلال احمر فیڈریشن نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ محاصرے کی وجہ سے یمن میں انسانی بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔
عالمی ریڈ کراس اور ہلال احمر فیڈریشن کے سربراہ فرانچسکو روکا نے یمن میں غذائی اشیا کی شدید قلت اور وبائی اور مہلک بیماریوں میں اضافے کے باعث سیکڑوں یمنی شہریوں اور خاص طور سے بچوں کو موت کے خطرات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے امریکہ کی حمایت میں مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کو اپنی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے جس میں اب تک تیس ہزار سے زائد یمنی شہری شہید و زخمی اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔

ٹیگس