Feb ۰۴, ۲۰۱۸ ۰۸:۴۳ Asia/Tehran
  • قطر کے خلاف سعودی اور اماراتی سازش کا انکشاف

قطر کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ خلیج فارس کے ممالک سے سفارتی کشیدگی کے آغاز کے دوران سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات قطر پر حملہ کرنا چاہتے تھے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کو انٹریو دیتے ہوئے قطری وزیردفاع  خالد بن محمد العطیہ کا کہنا تھا کہ قطر کے خلیج فارس کے ممالک کے ساتھ سفارتی بحران کے آغاز میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات قطر پر حملہ کرنا چاہتے تھے اور انہوں نے اپنے پڑوسی ملک کو غیر مستحکم کرنے کے لیے تمام کوششیں کرلیں تھیں تاہم ان کے حملہ کرنے کے ارادے کو ناکام بنادیا گیا تھا۔

قطرکے وزیردفاع کا کہنا تھا کہ بحران کے آغاز کے دوران دونوں ممالک قطر میں فوجی مداخلت چاہتے تھے جب کہ ہمارے خلاف مساجد کا استعمال بھی کیا گیا اور قبیلوں کو بھی بھڑکانے کی کوشش کی گئی، یہاں تک کہ ہمارے حکمرانوں کی جگہ اپنے چند کٹھ پتلی نمائندے لانے کی بھی کوشش کی گئی تاہم ان کی تمام کوششیں ناکام ہوگئیں کیوں کہ قطری عوام اپنے ملک اور امیرسے محبت کرتے ہیں۔

واضح رہے گزشتہ سال جون میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر اور بحرین نے قطر پردہشت گردی کی معاونت کا الزام عائد کرتے ہوئے سفارتی تعلقات منقطع کرلیے تھے جب کہ سعودی عرب نے قطر کے ساتھ اپنے زمینی، بحری اور فضائی رابطے بھی منقطع کر دیے تھے البتہ قطر ان تمام تر الزامات کو مسترد کرتا رہا ہے اور ان ممالک کے سامنے جھکنے سے صاف انکار کر دیا۔

ٹیگس