Mar ۱۲, ۲۰۱۸ ۱۴:۳۵ Asia/Tehran
  • یمن پر سعودی جارحیت کا سلسلہ جاری

سعودی حکومت کے جنگی طیاروں نے یمن کے خلاف جارحیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مختلف صوبوں کو اکیاون بار اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ دوسری جانب یمنی فوج کے جوانوں نے گھات لگا کر متعدد سعودی فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

صنعا میں عسکری اوردفاعی ذرائع نے بتایا ہے کہ سعودی حکومت کے جنگی طیاروں نے تیرہ بار الدیلمی بیس اور تین بار دارالحکومت صنعا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملہ کیا۔
سعودی حکومت کے جنگی طیاروں نے صوبہ الجوف کے شہر الغیل پر بھی سات مرتبہ بمباری کی جبکہ صوبہ مارب کے شہر صرواح کو پانچ بار اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا۔
صوبہ حجہ کے شہروں حرض اور میدی پر بھی سعودی جنگی طیاروں نے گیارہ بار حملے کئے۔ صوبہ صعدہ کے شہر باقم پر تین بار، طیخہ پر ایک بار اور صوبہ عمران کے شہر حرف سفیان پر بھی تین بار وحشیانہ حملے کیے۔
سعودی حکومت کے ڈرون طیارے نے صوبہ الحدیدہ کے شہر حیس پر دوبار جبکہ الحدیدہ کے ہوائی اڈے پر ایک بار حملہ کیا ہے۔
جنوبی سعودی عرب کے صوبے عسیر اور نجران میں سعودی جنگی طیاروں نے ایک ایک بار حملہ کیا۔
سعودی جارحیت کے جواب میں یمنی فوج اورعوامی رضا کار فورس کے جوانوں نے جنوبی سعودی عرب کے سرحدی صوبے جیزان میں گھات لگا کر چار سعودی فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے آرٹلری یونٹ نے جنوب مشرقی جیزان میں سعودی فوج کی ایک ٹولی پر گولہ باری کی ہے جس میں ہونے والے جانی نقصان کے بارے میں تاحال کوئی اطلاع نہیں ملی۔
سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کو زمینی فضائی اور سمندری جارحیت کا نشانہ بنانے کے علاوہ اس کا محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔
سعودی جارحیت کے نتیجے میں اب تک دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں جبکہ کئی لاکھ لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
سعودی عرب اور امریکہ یمنی عوام کی مزاحمت کے باعث اس ملک میں اپنے ناجائز مفادات کے حصول میں تاحال ناکام دکھائی دیتے ہیں۔

ٹیگس