Mar ۱۶, ۲۰۱۸ ۱۳:۴۸ Asia/Tehran
  • سعودی جارحیت میں کم سن بچے سمیت متعدد یمنی شہری شہید

یمن پر جاری سعودی جارحیت میں ایک کم سن بچے سمیت متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ جبکہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں کی جوابی کاروائیوں میں سعودی اتحاد کے متعدد فوجیوں کے مارے جانے کی خبر ہے۔

صنعا میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ جارح سعودی حکومت کے ہوائی حملوں کے باقی ماندہ بم کے پھٹ جانے سے ایک کم سن بچہ شہید ہو گیا۔ یہ واقعہ صوبہ صعدہ کے شہر رازح میں پیش آیا۔
اس رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت کے جنگی طیاروں نے سرحدی صوبے صعدہ کے شہر باقم کے علاقوں میں آل صبحان اور السداد پر تین بار بمباری کی۔ صوبہ الحدیدہ کے علاقے التحیتا پر سعودی اتحادی فوج کے وحشیانہ حملے میں ایک خاتون اور دو کم سن بچیاں شہید ہو گئیں۔
سعودی حکومت کے جارح طیاروں نے صوبہ حجہ کے شہروں حرض اور میدی پر تیرہ مرتبہ حملہ کیا جبکہ شمالی صنعا میں واقع علاقے نہم پر تین بار بمباری کی۔
ادھر البیضا اور مآرب کے مختلف علاقوں میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی جوابی کاروائیوں میں سعودی اتحاد کے درجنوں عناصر ہلاک ہو گئے۔
دریں اثنا یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبے تعز کے نواحی علاقے میں موجود سعودی اتحاد کے فوجیوں کا محاصرہ کر لیا۔
یہ ایسے میں ہے کہ سعودی عرب کے جنوب مغربی صوبے جیزان میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے میزائل حملے میں دشمنوں کے متعدد مورچے تباہ ہو گئے۔
دوسری جانب یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے کہا ہے کہ امریکہ بدستور یمنی عوام کے قتل عام کا سبب بن رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کے میزائل اور بم، سعودی طیاروں کے ذریعے یمنی عوام پر برسائے جارہے ہیں۔ محمد علی الحوثی نے کہا کہ امریکہ کو معلوم ہونا چاہیے کہ یمن کے عوام اپنے قتل عام کے بارے میں امریکی شرمناک سازشوں سے پوری طرح آگاہ ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی وزیر جنگ جیمز میٹس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ جنگ یمن میں سعودی عرب کی حمایت جاری رکھے گا۔

ٹیگس