Mar ۲۴, ۲۰۱۸ ۱۸:۳۵ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت یمن میں بہائیت پھیلارہی ہے، انصاراللہ

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے یمن میں گمراہ کن فرقے بہائیت کی سرگرمیوں کے دوبارہ آغاز کو اسلام کے خلاف دشمن کی سافٹ وار کا تسلسل قراردیا ہے

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ گمراہ کن فرقے بہائیت نے صیہونی حکومت کی حمایت سے یمن میں دوبارہ اپنی سرگرمیاں شروع کردی ہیں کہاکہ دشمن سافٹ وار کے ذریعے یمنی عوام کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے کی کوشش کررہا ہے - انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت  بہائیت کی مدد کررہی ہے اور اس کو پوری دنیا میں پھیلانا چاہتی ہے - عبدالملک الحوثی نے کہاکہ بہائیت کی شیطانی فکر اسلام کو زک پہنچانے کے درپئے ہے - انہوں نے یمن پر سعودی عرب کی جارحیت کی تیسری برسی پر عوام سے کہا کہ وہ اپنی استقامت اور پامردی کو دنیا والوں کے سامنے ثابت کرنے کے لئے سعودی عرب کے خلاف نکالی جانے والی ریلیوں میں وسیع پیمانے پر شرکت کریں -  یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ ان ریلیوں میں عوام کی وسیع شرکت یمنی قوم کی استقامت ، اتحاد ، طاقت اور عزم وارادے کی مظہر ہوگی کہاکہ تین سال سے جاری قتل عام اور تباہی و بربادی بھی یمنی عوام کے عزم و ہمت اور حوصلے کو پست نہیں کرسکی - انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ یمنی عوام عزت و شرف اور پوری ثابت قدمی کے ساتھ جارح سعودی افواج کے مقابلے میں اپنی استقامت کا مظاہرہ کریں گے کہا کہ یوم استقامت کی ریلیوں میں شرکت کرکے ہم ایک بار پھر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں   کے مقابلے میں اپنی ثابت قدمی عزم و حوصلے اور شجاعت و بہادری کا مظاہرہ کریں گے-  دوسری جانب یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس نے سعودی عرب کی جارحیت کے جواب میں سعودی علاقے جیزان میں سعودی فوج اور اس کے اتحادیوں کے ٹھکانے پر مختصر فاصلے تک مارکرنے والے میزائل بدر ایک سے حملہ کیا ہے - گذشتہ چوبیس گھنٹے میں سعودی فوجی ٹھکانے پر یمنی فوج کا بدر ایک میزائل سے یہ دوسرا حملہ ہے اس سے پہلے یمنی فوج نے سعودی آئیل کمپنی آرامکو کی تنصیبات پر بدر ایک میزائل سے حملہ کیا تھا - یمنی فوج کا کہنا ہے کہ جارح سعودی فوج کا مقابلہ کرنے کے لئے یہ میزائل پوری طرح سے فوج کے اختیار میں آگیا ہے