Mar ۲۴, ۲۰۱۸ ۱۹:۴۳ Asia/Tehran
  • غوطہ شرقی میں شامی فوج کی پیشقدمی

شامی فوج نے غوطہ شرقی میں اپنی پیشقدمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے حرستا علاقے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے

شامی فوج نے ریف دمشق کے غوطہ شرقی میں اپنی پیشقدمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اب تک اسّی فیصد علاقوں کو آزاد کرالیا - غوطہ شرقی دمشق کے مضافات میں ایک اہم اسٹرٹیجیک علاقہ ہے جس پر گذشتہ کئی سال سے دہشت گردوں نے قبضہ کر رکھا ہے - دہشت گردوں نے اس علاقے میں عام شہریوں کے نکلنے کے لئے بنائی گئی امن گذرگاہ پر بھی حملے کئے ہیں - دہشت گرد عناصر غوطہ شرقی سے روزانہ دمشق پر مارٹر گولوں سے حملے کرتے رہتے ہیں جن میں بہت سے بے گناہ شہری مارے جارہے ہیں - اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے گذشتہ چوبیس فروری کو شام میں تیس روزہ فائربندی کے نفاذ کے حق میں قرارداد پاس کی تھی اور اس بات کا مطالبہ کیا تھاکہ شام کے محصور عوام تک انساندوستانہ امداد کی رسائی کو یقینی بنایا جائے البتہ سلامتی کونسل میں القاعدہ داعش اور جبہہ النصرہ جیسے دہشت  گرد گروہوں کے خلاف جنگ جاری رکھنے پر زور دیا گیا تھا۔ شامی فوج نے اپنے عوام کی حمایت اور ان کی مدد کے لئے گذشتہ چھبیس فروری سے غوطہ شرقی کو دہشت گردوں سے آزاد کرانے لئے کارروائیاں شروع کی ہیں - اس درمیان دمشق پر دہشت گردوں کے تازہ ترین مارٹر حملوں میں تیرہ افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے- دمشق میں ایک سینیئر پولیس افسر نے بتایا کہ دہشت گرد گروہوں نے دمشق کے رہائشی علاقوں پر سولہ راکٹ فائر کئے ہیں جن میں چار عام شہری جاں بحق اور نو دیگر زخمی ہوگئے - اطلاعات ہیں کہ حرستا سے مسلح گروہوں کے نکل جانے سے یہ علاقہ عملی طور پر دہشت گردوں سے خالی ہوگیا ہے - شامی فوج کی انجینیئرنگ کور اس شہر میں داخل ہوگئی ہے تاکہ وہ وہاں  باروردی سرنگوں کو صاف کرسکے -