Apr ۱۲, ۲۰۱۸ ۱۲:۴۹ Asia/Tehran
  • افغانستان، طالبان کے حملے میں 12 ہلاک

شین ھوا کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے صوبہ غزنی میں طالبان دہشت گردوں کے حملے میں ضلعی کمشنر سمیت 12 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق افغانستان کے صوبے غزنی کے ضلع خواجہ عمری میں طالبان نے حملہ کرکے ضلعی کمشنر سمیت 12 سیکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔

ضلعی پولیس کے نائب سربراہ رمضان علی موسینی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ 30 کے قریب  طالبان نے رات گئے ضلعی گورنر کے دفتر اور اس سے ملحقہ چیک پوسٹ پر خودکار ہتھیاروں اور دستی بموں سے حملہ کیا جس میں فوری طور پر 7 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔

رمضان علی موسینی کے مطابق رات بھر دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ رہا اور ضلعی کمشنرکی ہلاکت کی خبر علی الصبح ملی جب سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن اختتام پذیر ہوا اور 25 طالبان بھی مارے گئے تاہم طالبان نے تاحال ہلاکتوں کی تردید یا تصدیق نہیں کی۔

لڑائی میں زخمی ہونے والے مزید 5 پولیس اہلکار دورانِ علاج دم توڑ چکے ہیں جبکہ 7 اہلکار تاحال زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں۔

ٹیگس