Apr ۱۷, ۲۰۱۸ ۰۹:۰۶ Asia/Tehran
  • شام پرامریکی حملہ داعش اوراسرائیل کے تحفظ کے لئے کیا گیا

پاکستان کے شیعہ اور سنی علماء نے شام پر امریکہ، فرانس اور برطانیہ کے میزائلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عالم اسلام کے خلاف جنگ قرار دیا ہے۔

جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور متحدہ مجلس عمل کے مرکزی نائب صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے لاہور میں مختلف وفود سے گفتگو کے دوران  شام پر امریکہ، فرانس اور برطانیہ کی طرف سے میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی ادارے شامی عوام کے تحفظ کو یقینی بنائیں، بدقسمتی ہے کہ پوری دنیا میں بدامنی اور قتل و غارت گری صرف مسلمان ممالک میں ہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کی دوسرے ممالک میں مداخلت اور حکومتیں تبدیل کرنے کی پالیسیوں نے عالمی امن تباہ کر دیا ہے، جس کا نقصان ان ممالک کو نہیں بلکہ عام لوگوں کو ہوا ہے۔

پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ دہشتگردی کوئی بھی کرے، انسانیت کے خلاف جرم ہے، سب اس بات پر متفق ہیں کہ عالمی دہشتگردی کو ختم ہونا چاہئے، لیکن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جس طریقے سے روس کو سمارٹ میزائلوں کا سامنا کرنے کی دھمکیاں دی ہیں یہ عالمی امن کے لئے تباہ کن ہوگا۔

وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے کہا ہے کہ امریکہ کا شام پر حملے کا مقصد داعش کے دہشتگردوں اور اسرائیل کے مفادات کا تحفظ ہے، عالمی برادری کو امریکی جرائم پر خاموش نہیں رہنا چاہئے، اقوام متحدہ سے امریکی مذمت میں قرارداد کے مسترد ہونے کا مطلب ہے جنگل کا قانون، امریکہ کو اب تک روہنگیا میں قتل کئے جانے والے مسلمان اور غاصب اسرائیلی افواج کی فلسطینی مسلمانوں پر روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے مظالم یاد کیوں نہیں رہتے اس لئے کہ وہ مسلمان ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ حقائق کو نہیں جھٹلایا جا سکتا کہ شام میں تکفیری دہشتگردوں کو سعودی عرب کے تعاون سے اکٹھا کیا گیا، داعش بنوائی گئی، اب جب شامی حکومت دہشتگردوں کا خاتمہ کرنے کے لئے پرعزم ہوئی ہے تو امریکہ، برطانیہ اور فرانس کو جھوٹا پروپیگنڈہ یاد آگیا ہے، امریکہ نے آج تک مظلوم مسلمانوں کے حق میں آواز بلند نہیں کی، مگر شام کے دہشتگردوں سے انہیں ہمدردی ہوگئی ہے کیونکہ اس میں اسرائیلی اور امریکی مفادات ہیں۔

 شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے امریکہ کی شام میں بمباری کو کھلی جارحیت اور ناقابل معافی جرم قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ عالم اسلام دہشتگردوں کو بچانے اور شام کے مقامات کی بے حرمتی برداشت نہیں کرے گا، نواسی رسول، دختر بتول حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے مزار اقدس کو کسی قسم کا نقصان پہنچا تو امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، پہلے بھی امریکہ کے حاشیہ بردار دہشتگرد گروہوں نے مزار اقدس کو نقصان پہنچانے کی سازش کی تھی مگر ناکام رہے، ان شااللہ آئندہ بھی ناکام رہیں گے۔

مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا ہے کہ امریکہ، برطانیہ اور فرانس نے مسلم ملک شام پر حملہ کرکے سنگین جرم کا ارتکاب کیا ہے، شب معراج اور عید مبعث رسول اللہ (ص) کی سحر کو شام پر اسلام دشمن قوتوں کا حملہ ناقابل معافی جرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو متحد ہوکر عالمی دہشت گرد امریکہ سے مسلم ممالک کے خلاف جارحیت کا حساب لینا چاہئے، افغانستان، عراق میں ہزاروں بے گناہ مسلمانوں کے قتل عام کے بعد بھی امریکہ اپنے جارحانہ کردار سے باز نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے غیور مسلمان نام نہاد خادم حرمین سے دنیا بھر میں اسلام دشمن کردار پر جواب طلب کریں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک مسلمان ملک شام پر اغیار کی جارحیت کی کھل کر مذمت کرے، ہم فلسطین، کشمیر سمیت دنیائے اسلام کے مظلوموں کے حامی ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ شیطان بزرگ امریکہ افغانستان و عراق سے نکل جائے۔

ٹیگس