Apr ۱۷, ۲۰۱۸ ۱۱:۰۲ Asia/Tehran
  • شام پر میزائلی حملہ ناکام، تمام میزائل تباہ

شام کے ٹیلی ویژن چینل الاخباریہ کا کہنا ہے کہ شامی ائیرڈیفنس سسٹم نے حمص کے الشعیرات اور الضمیر ایئربیس پر ہونے والے 9 میزائلی حملوں کو فضا میں ہی ناکارہ بنادیا ہے۔

شام سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق آج علی الصبح شامی ائیرڈیفنس سسٹم نے حمص کے الشعیرات اور الضمیر ایئربیس پر ہونے والے میزائلی حملوں کو فضا میں ہی ناکارہ بنادیا ہے۔

ایئربیس پر ہونے والے میزائلی حملوں کو ناکام بناتے ہوئے داغے جانے والے میزائلوں کو تباہ کیا گیا۔

امریکی وزارت دفاع پنٹاگون  نےحمص کے الشعیرات پر میزائلی حملوں پر کہا کہ امریکہ نے اس علاقے میں کسی بھی قسم کا کوئی فوجی اقدام نہیں کیا ہے۔

بعض خبری ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ یہ میزائل اسرائیل کے جنگی طیاروں کے ذریعے داغے گئے ہوں۔ تاہم کہا جاتا ہے کہ شامی ائیرڈیفنس سسٹم نے اسرائیلی طیاروں کا بھی پیچھا کیا۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے شام پر گزشتہ ہفتے کو بھی میزائلی حملہ کیا تھا، صیہونی حکومت کے وزیر جنگ اویگدر لیبرمین نے اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیلی فوج نے شام کے شہر حمص میں شامی فوج کے ایئر بیس پر میزائل سے حملہ کیا۔

واضح رہے کہ 14 اپریل کو امریکہ،برطانیہ اور فرانس نے کیمیائی ہتھیاروں کے من گھڑت الزامات کے تحت شام پر100 سے زائد میزائل داغے تھے جس پر عالمی سطح پر سخت رد عمل سامنے آیا اور عالمی سطح پر اس کی مذمت کی گئی۔

ٹیگس