Apr ۱۷, ۲۰۱۸ ۱۴:۵۳ Asia/Tehran
  • فلسطینی قیدیوں کے دن کی مناسبت سے انتفاضہ فلسطین کی حمایت کا اعلان

انتفاضہ فلسطین کی حمایت میں بین الاقوامی کانفرنس کے مستقل سیکریٹریٹ نے فلسطینی قیدیوں کے دن کی مناسبت سے ایک بیان میں فلسطینی قیدیوں کی آزادی کے لئے عالمی پارلیمانی تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سترہ اپریل سن انّیس سو اکہتّر کو صیہونی حکومت کی جیل سے پہلا فلسطینی قیدی رہا ہوا تھا جس کے بعد اس دن کو فلسطینی قیدیوں کے دن کا عنوان قرار دیا گیا تھا۔

ایران کی مجلس شورائے اسلامی میں انتفاضہ فلسطین کی حمایت میں بین الاقوامی کانفرنس کے مستقل سیکریٹریٹ نے اسی مناسبت سے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ فلسطینی قیدیوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے اقدامات، جنگی جرائم اور فلسطینیوں کے ساتھ امتیازی سلوک کے مترادف ہیں اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کئے جانے کی ضرورت ہے۔

اس بیان میں تمام فلسطینی قیدیوں کے ایثار و فداکاری اور بہادری کی قدردانی کرتے ہوئے پوری دنیا کی تمام پارلیمانوں، عالمی برادری حق و انصاف اور انسانی حقوق کے مدافع اداروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم بند کرانے کی بھرپور کوشش کریں۔

واضح رہے کہ اس وقت بھی تقریبا سات ہزار فلسطینی غاصب صیہونی حکومت کی جیلوں میں سخت حالات میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔

 

ٹیگس