Apr ۱۹, ۲۰۱۸ ۱۶:۴۹ Asia/Tehran
  • یمن میں امریکی ڈرون مار گرایا گیا

یمن کے اینٹی ایرکرافٹ یونٹ نے صوبے الحدیدہ میں ایم کیو نائن قسم کا ایک امریکی ڈرون طیارہ مار گرایا ہے۔ دوسری جانب سعودی جارحیت کے جواب میں سعودی اتحاد کی فوجی تنصیبات اور مراکز پر یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے حملے جاری ہیں۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ سعودی جنگی طیاروں نے یمن میں رہائشی علاقوں پر ایک بار پھر کلسٹر بم برسائے ہیں۔

یمن کے ایک فوجی ذریعے کے حوالے سے المیادین ٹی وی نے رپورٹ دی ہے کہ یمن کے اینٹی ایر کرافٹ یونٹ نے مغربی صوبے الحدیدہ میں امریکہ کا ایم کیو نائن قسم کا ایک ڈرون طیاروہ مار گرایا ہے۔
بعض ٹی وی چینلوں نے یمن میں مارگرائے جانے والے امریکی ایم کیونائن ڈرون طیارے کی تصاویر بھی نشر کی ہیں ۔
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے اسی طرح جنوب مغربی تعز کے ساحلی شہر المخا میں سعودی اتحاد کے فوجی مرکز اور اسی طرح متحدہ عرب امارات کے پٹریاٹ میزائل سسٹم کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا۔
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے بدھ کی رات بھی سعودی عرب کی جارحیت کے جواب میں جنوب مغربی سعودی عرب میں جیزان ایرپورٹ پر ، بدر ایک قسم کے بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا۔
یمن کے میزائل یونٹ نے سعودی حکومت کے جیزان ہوائی اڈے پر میزائلی حملے سے چند ہی گھنٹے قبل نجران میں سعودی حکومت کے ایک بجلی گھر پر بھی بدر ایک میزائل سے حملہ کیا تھا ۔
یمن کے ایک فوجی ذریعے کا کہنا ہے کہ یمن کے رہائشی علاقوں پر سعودی اتحاد کی جارحیت کے جواب میں سعودی فوجی مراکز اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانا یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں کا حق ہے۔
یمنی فوج اور عوامی رضارکار فورس نے صوبہ مارب میں بھی سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کے فوجی مراکز پر حملے کرکے انہیں بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہے ۔
یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کےفوجی مراکز پر یہ میزائلی حملے ایسی حالت میں کئےہیں کہ یمن کے نہتے عوام کے خلاف سعودی عرب کے بھیانک اور خوفناک جرائم کا سلسلہ جاری ہے۔
المسیرہ کے حوالے سے موصولہ رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے یمن کے صوبہ صعدہ پر کلسٹر بموں سے حملہ کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سعودی عرب نے یمن پر وحشیانہ ہوائی حملوں میں کئی بار کلسٹر بموں کا استعمال کیا ہے جبکہ کلسٹر بموں کا استعمال بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اس سے قبل ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سعودی عرب سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ یمن کے نہتے عوام پر کلسٹر بموں سے حملہ کرنے سے گریز کرے۔
ہیومن رائٹس واچ نے بھی اس قسم کے ہتھیاروں کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ دو ہزار آٹھ میں طے کئے جانے والے معاہدے کی بنیاد پر کلسٹر بموں کا استعمال غیر قانونی ہے۔ اب تک اس معاہدے پر دنیا کے ایک سو آٹھ ممالک دستخط کر چکے ہیں۔

ٹیگس