Apr ۲۹, ۲۰۱۸ ۱۵:۲۵ Asia/Tehran
  • یمن پر سعودی جارحیت میں ماں سمیت شیرخوار بچے کی شہادت

یمن کے دارالحکومت صنعا کے شمال مغربی علاقے میں ایک مکان پر سعودی عرب کی وحشیانہ جارحیت میں ایک شیرخوار بچہ اپنی ماں سمیت شہید ہو گیا۔

العالم کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے صنعا کے علاقے بیت المعاد میں ایک ٹاور کو بھی نشانہ بنایا جس میں کئی افراد شہید ہوئے۔ صوبے حجہ کے علاقے بکیل المعیر  کے کئی علاقوں پر بھی سعودی عرب نے شدید حملہ کیا۔

یمن کی فوج نے یمن اور سعودی عرب کی سرحد پر واقع سعودی عرب کے آرمی بیس پر حملہ کر کے چھے سعودی فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

المسیرہ ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق یہ حملہ اتوارکی صبح سعودی عرب کے جنوب میں واقع سرحدی علاقے الحد میں کیا گیا جس میں  چھے سعودی فوجی ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔

یمنی فوج اور عوامی رضا کار فورسز نے اسی طرح ہفتے کو بھی سعودی عرب کے جنوبی علاقے جیزان پر سعودی فوجی چھاؤنیوں پر آٹھ میزائل داغے۔ یہ حملے سعودی عرب کے جنگی طیاروں کی جانب سے یمن کے دارالحکومت صنعا میں شہید ہونے والے صالح علی الصماد کے جلوس جنازہ کے موقع پر ہونے والے حملوں کے جواب میں کئے گئے۔

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی اتحاد کی جارحیت کے جواب میں ہفتے کی رات بھی نجران میں سعودی فوجی ٹھکانوں کو زلزال دو قسم کے بلیسٹک میزائل حملے کا نشانہ بنایا۔

اس سے قبل یمنی فوج کے ترجمان شرف لقمان نے تاکید کے ساتھ کہا تھا کہ جب تک یمن کا محاصرہ جاری ہے اور سعودی اتحاد یمنی علاقوں کو نشانہ بناتا رہے گا جارح ملکوں کے اقتصادی مراکز اور تنصیبات یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں کے میزائل حملوں کے نشانے پر رہیں گی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب امریکہ کی حمایت سے اتحاد قائم کر کے مارچ دو ہزار پندرہ سے علاقے کے سب سے غریب، اسلامی اور عرب ملک یمن کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنائے ہوئے ہے جس کے نتیجے میں اس ملک کے دسیوں ہزار عام شہری شہید و زخمی اور لاکھوں بے گھر ہوئے اور اس ملک کی بنیادی تنصیبات بالکل تباہ ہو چکی ہیں۔ تاہم یمن کی فوج اور عوام کی استقامت و پامردی کی وجہ سے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کو ابھی تک اپنے مقاصد کے حصول میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔

ٹیگس