May ۱۶, ۲۰۱۸ ۱۵:۲۸ Asia/Tehran
  • یمن پر سعودی عرب کی جارحیت

سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے شمالی یمن کے صوبہ صعدہ کے سحار سرحدی علاقے پر بمباری کی ہے۔

المسیرہ ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے سحار کے علاقے المہاذر کو بدھ کے روز پانچ بار اپنی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا۔یہ ایسی حالت میں ہے کہ سعودی عرب کے جنگی طیارے صوبہ تعز کے جنوبی اور مشرقی رہائشی علاقوں پر مسلسل پرواز کرتے رہے۔دریں اثنا صوبہ مآرب کے علاقے صرواح کے مشرق میں وادی الملح میں یمنی فوج اور سعودی اتحاد کے فوجیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں سعودی اتحاد کے کئی فوجی ہلاک و زخمی ہو گئے-

دوسری جانب یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سیاسی دفتر نے ایک بیان میں اس خبر کی تصدیق کی ہے کہ کویت مذاکرات سے متعلق آشتی کمیٹی میں شامل انصاراللہ کے ایک کمانڈر عبدالناصر الجنیدی شہید ہو گئے۔تحریک انصاراللہ اور یمن کی مستعفی حکومت کے درمیان اقوام متحدہ کی نگرانی میں یہ مذاکرات، اگست دو ہزار سولہ میں ہوئے تھے۔قابل ذکر ہے کہ یمن پر سعودی اتحاد کی وحشیانہ جارحیت میں اب تک ہزاروں یمنی عام شہری شہید و زخمی اور لاکھوں دیگر بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ یمن کی بنیادی تنصیبات بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں۔

ٹیگس