May ۱۸, ۲۰۱۸ ۱۱:۲۰ Asia/Tehran
  • پاکستان میں یوم یکجہتی فلسطین

پاکستان میں آج اسرائیل کے مظالم کے خلاف اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کے لئے یوم یکجہتی فلسطین منایا جا رہا ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی اپیل پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آج 18 مئی بروز جمعہ ملک بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منایا جا رہا ہے۔

یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور غزہ میں اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کے لیے خصوصی ریلیاں اور کانفرنسز منعقد ہوں گی۔

اس کے علاوہ نماز جمعہ کے خطبات میں فلسطینیوں کی آزادی اور اسرائیلی تسلط کے خلاف قرار دادیں بھی منظور کی جائیں گی۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان ہر فورم پر فلسطینی بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

دوسری جانب وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر کہنا ہے کہ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکرتے ہیں، اسرائیلی فوج نے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑادی ہیں اور فلسطین میں اسرائیلی مظالم کی بھرپورمذمت کرتے ہیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے فلسطین کے نہتے شہریوں پرظلم وستم اوربربریت کی انتہا کردی ہے جبکہ عالمی برادری کوآگے بڑھ کرخون میں رنگے ہوئے اسرائیلی ظالمانہ ہاتھ کو روکنا ہوگا۔

واضح رہے کہ 14 مئی کو اسرائیلی سرحد سے ملحقہ غزہ پٹی پر 6 ہفتوں سے جاری احتجاج میں شدت آئی تھی اور ہزاروں فلسطینی پر امن احتجاج کے لیے غزہ پٹی پر پہنچ گئے تھے۔

یہ احتجاج فلسطینیوں سے ان کی زمین لینے اور امریکی سفارتخانے کی بیت المقدس منتقلی کے خلاف کیا جارہا ہے تاہم اس پر امن احتجاج پر اسرائیلی فوج نے وحشیانہ فائرنگ کردی تھی، جس کے نتیجے میں 62 سے زائد فلسطینی شہید اور 2800 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

اسرائیلی فوج کی نہتے فلسطینیوں پر وحشیانہ فائرنگ کی عالمی سطح پر مذمت کی گئی تھی اور ایران و پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاج کیا گیا اور ترکی سمیت دیگر ممالک نے امریکا اور اسرائیل سے اپنے سفیروں کو احتجاجاً واپس بلا لیا تھا جبکہ اقوام متحدہ کی جانب سے اس معاملے کی آزاد اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

تاہم امریکی مداخلت پر اس مطالبے کو روک دیا گیا تھا، امریکا نے موقف اپنایا تھا کہ اسرائیلی فوج نے اپنے دفاع کے لیے فائرنگ کی تھی۔

خیال رہے کہ 15 مئی 1948 کو اسرائیل کے وجود میں آنے پر فلسطینی عوام اس دن یوم نکبہ کے طور پر مناتے ہیں کیونکہ 1948 کی جنگ کے نتیجے میں اس دن 7 لاکھ فلسطینیوں کو نقل مکانی پر مجبور کیا گیا تھا۔

ٹیگس