Jun ۱۰, ۲۰۱۸ ۱۸:۰۵ Asia/Tehran
  • شام: البوکمال میں امریکہ اور داعشی عناصر کی نقل و حرکت

شام کے فوجی ذرائع نے صوبے دیرالزور کے شہر البوکمال کی فضا میں امریکہ کی زیر سرکردگی میں نام نہاد داعش مخالف اتحاد کے جنگی و جاسوس طیاروں کی پروازوں اور داعش دہشت گرد گروہ کے عناصر کی نقل و حرکت کی خبر دی ہے اور اعلان کیا ہے کہ امریکی اتحاد کے ان جاسوس طیاروں کی پروازوں کا مقصد داعش دہشت گرد گروہ کو اطلاعات فراہم کرنا ہے۔

شام کے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے دیرالزور کے شہر البوکمال کے اطراف کے ان تمام علاقوں کو دوبارہ واپس لے لیا گیا ہے کہ جن پر حال ہی میں داعش دہشت گرد گروہ نے قبضہ کر لیا تھا۔

دریں اثنا شام کے حالات سے پتہ چلتا ہے کہ امریکی فوجی، دہشت گردوں کے لئے اپنے ملک کی حمایت کو آشکارہ کرتے ہوئے اس بات کی کوشش کر رہے ہیں کہ عراق و شام سے داعشی عناصر کے مکمل خاتمے کے عمل میں روڑے اٹکا دیئے جائیں۔

شام کے فوجی ذرائع کے مطابق امریکہ کے فوجی و جاسوس طیارے شام مین داعش دہشت گرد گروہ کو تمام اطلاعات و معلومات فراہم کر رہے ہیں۔

شام میں مسلسل ناکامیوں کا سلسلہ جاری رہتے ہوئے داعش دہشت گرد گروہ کو چند ماہ قبل شہر البوکمال میں بدترین شکست سامنا کرنا پڑا تھا جہاں سے تمام دہشت گرد عناصر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے تھے۔

شام و عراق سے دہشت گردوں کا صفایا ہونے کا اعلان اس دہشت گرد گروہ کے سب سے بڑے حامی امریکہ کے لئے تشویش کا باعث بنا جس کے بعد اس نے اس گروہ کے عناصر کو یکجا و منظم کرنے اور ان کی ہر طرح کی مدد کرنا شروع کر دی تاکہ شام و عراق میں اس دہشت گرد گروہ کا وجود اور اس کی سرگرمیوں کو جاری رکھا جا سکے۔ جبکہ امریکہ داعش دہشت گرد گروہ کی حمایت میں اپنی نقل و حرکت سے اسٹریٹیجک شہر البوکمال میں شامی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی مستحکم پوزیشن کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔

شام و عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کی حمایت میں امریکی اقدامات نے دہشت گردی کے خلاف مہم میں واشنگٹن کے دعوؤں کے جھوٹا اور کھوکھلا ہونے کو مکمل واضح کر دیا ہے۔

ادھر عراق کی اسلامی مزاحمتی تحریک نجبا کے سیکریٹری جنرل شیخ اکرم الکعبی نے اعلان کیا ہے کہ علاقے میں دہشت گردی کے خلاف مہم کے بہانے امریکہ کے سامراجی و اقتصادی مقاصد کو پورا کرنے کے لئے داعش دہشت گرد گروہ بہترین وسیلہ بنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ مغربی ایشیا کے علاقے میں حقیقی امن کے حصول کے لئے علاقے کے ملکوں اور مزاحمتی گروہوں کی جانب سے امریکیوں اور ان کے آلہ کاروں کو نکال بار کرنے کے لئے ایک فوجی و سیکورٹی اسٹریٹیجی اختیار کئے جانے کی ضرورت ہے۔

شیخ اکرم الکعبی نے کہا کہ امریکہ، مغربی عراق کے مختلف علاقوں منجملہ الانبار کے صحرا اور دشت حوران اور اسی طرح شام کے بعض علاقوں میں داعش دہشت گرد گروہ کے شکست خوردہ کمانڈروں کی حمایت اور اور ان کی رہنمائی نیز انھیں دیگر ملکوں میں منتقل کر رہا ہے۔

ٹیگس