Jun ۱۲, ۲۰۱۸ ۱۴:۵۰ Asia/Tehran
  • قومی اتحاد پر حماس کی تاکید

فلسطین کی اسلامی مزاحتمی تحریک حماس نے کہا ہے کہ اس کے پاس فلسطین کے قومی اتحاد کے لئے ایک واضح اور شفاف منصوبہ ہے جو اس نے سبھی گروہوں کو پیش کر دیا ہے- دوسری جانب صیہونی فوج نے غرب اردن میں ایک بار پھر فلسطینی نوجوانوں پر فائرنگ کر دی۔

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے اپنے ایک بیان میں حماس سے متعلق خود مختار فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس کے تازہ اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اتحاد کی کوششوں کے دوران اس طرح کی پالیسی اور اقدامات سے قومی اتحاد کو یقینی بنانے کے عمل کو نقصان پہنچ سکتا ہے کیونکہ حماس کسی کی تابع نہیں ہے بلکہ اس نے فلسطین کے قومی اتحاد کے لئے ایک واضح اور شفاف منصوبہ پیش کیا ہے-

اس سے پہلے فلسطین کی محدود خود مختار انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس نے فلسطینی پارلیمنٹ میں حماس کے لئے صرف تین نشستیں مختص کرنے کا اعلان کیا تھا-

یہ ایسی حالت میں ہے کہ دو ہزار چھے کے عام انتخابات میں حماس نے پارلیمنٹ کی بیشتر نشستیں جیت لی تھیں جس کے بعد اسرائیل اور امریکا نے غزہ کا محاصرہ کر لیا جو ابھی تک جاری ہے-

حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ ان کی تحریک کا سب سے اہم  منصوبہ یہ ہے کہ سبھی فلسطینی گروہوں کی مشارکت سے فلسطین کی پارلیمنٹ کا فوری اجلاس بلایا جائے کیونکہ حماس، جہاد اسلامی اور عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین سمیت کئی دیگر فلسطینی گروہوں نے پارلیمنٹ کا بائیکاٹ کر رکھا ہے-

حماس کے سربراہ نے کہا کہ حماس کا دوسرا منصوبہ قومی وفاق کی حکومت کی تشکیل اور پھر اس کے بعد دو ہزار گیارہ میں قاہرہ میں ہوئے قومی آشتی کے سمجھوتے کا نفاذ اور تین مہینے کے اندر اندر عام انتخابات کا انعقاد ہے-

دوسری جانب صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں کے خلاف اپنی جارحیتوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے غرب اردن کے شہر نابلس میں فلسطینی نوجوانوں پر حملہ کر دیا- صیہونی فوجیوں نے نابلس میں فلسطینی نوجوانوں پر فائرنگ کر کے متعدد کو زخمی کر دیا جن میں دو کی حالت تشویشناک ہے-

صیہونی فوجیوں کی فائرنگ کے بعد فلسطینی نوجوانوں اور صیہونی فوجی اہلکاروں کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی-

ادھر غزہ سے آتشیں غبارے چھوڑے جانے کے سبب مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں صیہونیوں کے کئی علاقے آگ کی نذر ہو گئے اور نتیجے میں عسقلان سے سدیروت جانے والی ٹرین کو روکنا پڑا-

واضح رہے کہ گذشتہ تیس مارچ کو جب سے فلسطینیوں نے واپسی مارچ کا آغاز کیا ہے اسی وقت سے فلسطینی نوجوانوں نے اپنی جد وجہد میں ایک نئی روش کا اضافہ کرتے ہوئے آتشیں غباروں سے صیہونی ٹھکانوں پر حملے شروع کئے ہیں جس کے نتیجے میں اب تک صیہونیوں کو کافی نقصان پہنچ چکا ہے-

 

ٹیگس