Jun ۱۹, ۲۰۱۸ ۱۵:۵۱ Asia/Tehran
  • عراق کی جانب سے امریکی اتحاد کے حملے کی مذمت

حکومت عراق نے داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف برسرپیکار عراقی افواج کے ٹھکانوں پر امریکہ کی زیرکمان عالمی اتحاد کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

الحشدالشعبی کے اعلان کے مطابق شام سے ملنے والی سرحدی پٹی پر موجود عراق کے پینتالیسویں اور چھیالیسویں بریگیڈ کے ہیڈکوارٹر پر امریکی جنگی طیاروں کے حملے میں بائیس افراد جاں بحق اور بارہ دیگر زخمی ہوئے ہیں۔اس حملے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عراق کی وزارت خارجہ نے اس حملے کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ داعش کے خلاف برسرپیکار کسی بھی قوت کے خلاف کسی بھی جگہ پر کیا جانے والا اس قسم کا حملہ، دہشت گردوں کی حمایت اور اور انھیں واپس میدان میں لانے کے لئے جاری کوششوں کو ثابت کرتا ہے۔اس بیان میں کہا گیا ہے کہ عراق کے فوجی، پولیس اہلکار، عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی اور پیشمرگہ فورس، پوری دنیا کی نیابت میں اپنے دوست ملکوں کی حمایت و مدد سے دہشت گردوں کے خلاف نبردآزما ہیں۔امریکی بمباری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عراق کی حشدالشعبی نے بھی عراق کے قومی اقتدار اعلی کو ریڈلائن قرار دیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ عراق کی تمام دیگر دفاعی قوتوں کے ساتھ ساتھ حشدالشعبی اپنے ملک کی سرحدوں کے دفاع میں  کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گی اور وہ اس بات کی اجازت نہیں دے گی کہ کوئی بھی طاقت وطن کا دفاع کرنے والوں کا خون بہا ئے ۔

ٹیگس