Jun ۱۹, ۲۰۱۸ ۱۵:۵۳ Asia/Tehran
  • الحدیدہ پرسعودی اتحاد کی وحشیانہ جارحیت

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ یمن کے مغربی صوبے الحدیدہ پر سعودی اور مغربی اتحادی افواج کے حملوں میں اب تک چھبیس ہزار افراد بے گھر ہو چکے ہیں- اس درمیان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بند کمرے میں الحدیدہ کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے اپنا اجلاس تشکیل دیا- ادھر یمنی فوج نے کہا ہے کہ اس نے جارح افواج کی سپلائی لائن کو کاٹ دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجاریک نے کہا ہے کہ یمن کے مغربی صوبے الحدیدہ پر سعودی اور مغربی اتحادی افواج کے حملوں میں اب تک چھبیس ہزار افراد بے گھر ہو چکے ہیں-

اقوام متحدہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مغربی اور سعودی اتحاد کے حملوں میں بے گھر ہونے والے یمنی شہریوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے- اس درمیان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یمن کی جنگ خاص طور پر الحدیدہ پر سعودی اور مغربی اتحاد کے جارحانہ حملوں کا جائزہ لینے کے لئے بند کمرے میں اجلاس تشکیل دیا جس میں یمن کی جنگ اور بحران کو سیاسی طریقے سے حل کرنے پر زور دیا گیا-

اجلاس کے بعد روس کے سفیر دمیتری پولیانسکی نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کے ارکان نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا ہے کہ الحدیدہ اور سلیف بندرگاہوں کو کھلا رہنا چاہئے اور ان بندرگارہوں کی سرگرمیوں کو سیکورٹی بھی فراہم کی جانی چاہئے۔

اس درمیان یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے کہا ہے کہ مغربی ساحل پر جارح افواج کی سپلائی لائن کاٹ دی گئی ہے- یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سیاسی دفتر کے رکن محمد البخیتی نے کہا ہے کہ یمنی فوج نے مغربی ساحل پر سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی سپلائی لائن کو کاٹ دیا ہے-

انہوں نے سعودی عرب کے فوجیوں اور ان کے اتحادیوں کا محاصرہ اور ان کی سپلائی لائن کاٹ دیئے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج جارح افواج کی نقل و حرکت اور ان کی کارروائیاں فوجی ضرورتوں کے لئے نہیں ہیں بلکہ میڈیا میں شور و ہنگامہ کرنے کے لئے ہے-

محمد البخیتی نے کہا کہ خود دشمن کی ٹیکٹیک ہی دشمنوں کی تباہی اور نقصانات کا باعث بنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی اتحاد کی افواج نے اپنا سارا زور مغربی ساحل الحدیدہ پر لگا دیا ہے جس کے نتیجے میں دیگر محاذوں منجملہ حرض، الجوف اور نجران میں یمنی فوج نے زبردست پیشقدمی کی ہے-

یمنی فوج کے ترجمان نے بھی کہا ہے کہ الحدیدہ میں جارح سعودی اتحاد کی پیشقدمی صرف ایک خواب ہے- واضح رہے کہ سعودی اتحاد سے وابستہ ذرائع ابلاغ نے یہ پروپیگنڈہ کیا تھا کہ سعودی اتحادی افواج نے الحدیدہ ہوائی اڈے اور الحدیدہ کے دیگر علاقوں پر قبضہ کر لیا ہے جبکہ یمنی فوج اور دیگر ذرائع نے اس دعوے کی سختی سے تردید کی ہے-

یمنی فوج کے ترجمان شرف لقمان  نے کہا کہ سعودی عرب سے وابستہ ذرائع ابلاغ صرف خیالی کامیابیوں کی باتیں کرتے ہیں- ادھر یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ بحران یمن کو حل کرنے میں ناکام ہو گئی ہے- انصاراللہ کی سیاسی کونسل کے رکن سلیم المغلس نے العالم سے گفتگو کے دوران کہا کہ اقوام متحدہ صنعا کے ہوائی اڈے کو کھلوانے میں ناکام رہی ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ یمن کے بحران اور اس ملک پر مسلط کی گئی سعودی عرب، متحدہ عرب اور ان کے اتحادیوں کی جنگ کو رکوانے سے بھی  قاصر اور بے بس ہے-

دریں اثنا یمنی فوج نے سعودی عرب کے اندر جیزان شہر میں سعودی فوجیوں کی پیشقدمی کو ناکام بناتے ہوئے بہت سے سعودی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کر دیا- یمنی فوج نے جیزان شہر کے جبل الدخان علاقے میں سعودی فوج کی پیشقدمی کو روک دیا اور سعودی فوج کے راستے میں بارودی سرنگ کا دھماکہ کر کے دسیوں سعودی فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا- یمنی فوج نے جنوبی سعودی عرب کے الخقاقہ، الفریضہ اور المعریضہ علاقوں میں بھی سعودی فوج کے ٹھکانوں پر حملے کر کے متعدد سعودی فوجیوں کو ہلاک کر دیا-

 

ٹیگس