Jun ۲۰, ۲۰۱۸ ۱۵:۰۹ Asia/Tehran
  •  الحدیدہ میں 70 سے زائد سعودی اتحاد کے فوجی ہلاک

یمن کے علاقے الحدیدہ میں سعودی اتحاد کے فوجیوں اور یمنی فوج کے درمیان ہونے والی شدیدلڑائیوں میں سعودی اتحاد کے ستّر سے زائد فوجی ہلاک ہو گئے جبکہ سعودی اتحاد کے ایک سو تیس سے زائد فوجیوں کو قیدی بنا لیا گیا۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق الحدیدہ کے ایئرپورٹ کے جنوبی اور مغربی علاقوں میں ہونے والی گھمسان کی جنگ میں سعودی اتحاد کے ستّر سے زائد فوجی ہلاک اور درجنوں دیگر زخمی ہو گئے۔یمنی فوج کے ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ گذشتہ بہتّر گھنٹے کے دوران یمنی فوج نے سرحدی مورچوں پر سعودی اتحاد کے تیس سے زائد فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کیا ہے۔متحدہ عرب امارات کے فوجی ذرائع نے بھی اعلان کیا ہے کہ یمن کے مغربی ساحلوں پر سعودی اتحاد کا ایک  فوجی کمانڈر ہلاک ہو گیا۔متحدہ عرب امارات کے فوجی ذرائع کے مطابق مغربی یمن کے ساحلوں پر سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں پر یمنی فوج کے  میزائل اور ڈرون حملوں میں منگل کے روز یہ فوجی کمانڈر ہلاک ہوا۔یمن کے ایک فوجی ذریعے نے بھی کہا ہے کہ سعودی اتحاد کے درجنوں فوجی ہلاک و زخمی ہوئے ہیں جبکہ ان کی بیس بکتر بند گاڑیوں کو تباہ اور دس فوجی گاڑیوں کو ضبط کر لیا گیا۔یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے اسی طرح النخیلہ اور المجیلیس کے رابطے منقطع کر دیئے اور الدریہمی میں بھی سعودی اتحاد کے کئی فوجیوں کو ہلاک و زخمی اور ان کے فوجی سازوسامان کو تباہ کر دیا جبکہ سعودی اتحاد کے باقی بچے فوجی اس علاقے سے فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔دریں اثنا یمنی ذرائع نے جنوبی سعودی عرب کے صوبے عسیر میں مغربی مجازہ اور جبل شعیر میں سعودی اتحاد کے فوجی حملوں کو پسپا کئے جانے کی خبر دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ان علاقوں میں ہونے والی جھڑپوں میں بھی سعودی اتحاد کے متعدد فوجی ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یمنی فوج نے سعودی اتحاد کے ایک سو تیئیس فوجیوں کو قیدی بھی بنا لیا ہے۔ادھر پریس ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران الحدیدہ کے ایئرپورٹ پر چالیس بار بمباری کی جبکہ ایئرپورٹ کے آس پاس علاقوں میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی اتحاد کے حملوں کو پسپا کر دیا۔اسی اثنا میں صوبے الحدیدہ میں ایک مسافر بس پر سعودی اتحاد کے حملے میں یمن کے چھے عام شہری شہید اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل کے رکن محمد البخیتی نے بدھ کے روز ایک بیان میں سعودی عرب سے وابستہ ذرائع ابلاغ کے اس پروپیگنڈے کو سختی کے ساتھ مسترد کر دیا کہ الحدیدہ کے ایئرپورٹ پر سعودی اتحاد کے فوجیوں کا قبضہ ہو گیا ہے۔