Jul ۱۵, ۲۰۱۸ ۱۰:۱۷ Asia/Tehran
  • ولادت حضرت معصومہ اور یوم دختر مبارک ہو

حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے پورے اسلامی جمہوریہ ایران میں جشن کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت باسعادت کو یوم دختر کا نام دیا گیا ہے اور اس روز مختلف قسم کی تقریبات منعقد ہوتی ہیں اور والدین اپنی بیٹیوں کو تحفے تحائف دیتے ہیں۔

حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے ایران کے مقدس شہر قم میں واقع آپ کے روضہ اقدس میں جشن کی تقریبات جاری ہیں جہاں آپ کے متوالے اور شیدائی آپ (س) کی شخصیت کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں-

شہر قم میں دکانوں، امام بارگاہوں اور مسجدوں نیز مذہبی مقامات و مراکز میں چراغاں کیا گیا ہے جبکہ اہلبیت رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے شیدائی، جگہ جگہ لوگوں میں شربت اور مٹھائیاں تقسیم کر کے اپنی خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کی ولادت کی مناسبت سے، مسجد جمکران، امام بارگاہوں اور مذہبی مقامات پر محفل و قصیدہ خوانی کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں کثیر تعداد میں مکتب اہل بیت عصمت و طہارت کے پیروکار شریک ہیں۔

یکم ذی القعدہ حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کا یوم ولادت باسعادت اور گیارہ ذی القعدہ آپ کے بھائی حضرت امام رضا علیہ السلام کا یوم ولادت باسعادت ہے اسی مناسبت سے ان ایام کو عشرہ کرامت کے طور پر منایا جاتا ہے.

فرزند رسول حضرت امام علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کی خواہر گرامی حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے سحر عالمی نیٹ ورک اہلبیت عصمت و طہارت کے تمام چاہنے والوں اور اپنے تمام سامعین اور ناظرین کو تہ دل سے ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتا ہے۔

 

ٹیگس

کمنٹس