Jul ۱۶, ۲۰۱۸ ۱۵:۵۰ Asia/Tehran
  • یمنی فوج کے حملوں میں درجنوں سعودی فوجی ہلاک

یمنی فوج اورعوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے جوابی حملے کرتے ہوئے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کو زبردست جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہے۔

صنعا میں عسکری اور دفاعی ذرائع نے بتایا ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضارکار فورس کے جوانوں نے صوبہ الجوف، جیزان اور عسیر کے مختلف علاقوں میں سعودی اتحادی فوج کے ٹھکانوں پرگولہ باری کی ہے جس کے نتیجے میں درجنوں دشمن فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

یمن کی وزارت دفاع کے ذریعے نے بتایا ہے کہ یمنی فوج کےجوانوں نے صوبہ الجوف کے علاقے الحزم میں  سعودی عرب کے کرائے کے فوجیوں کے ایک ٹھکانے کو میزائیلوں سے نشانہ بنا کر تباہ کردیا ہے۔اس حملے میں سعودی اتحاد میں شامل درجنوں کرائے کے فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔

یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے جنوبی سعودی عرب کے صوبے جیزان کے سرحدی علاقے ایم بی سی ہل کی جانب سے سعودی فوجیوں کی پیشقدمی کو بھی ناکام اور ایک سعودی فوجی افسر سمیت متعدد سعودی اہلکاروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔

یمنی فوج کے توپ خانے نے، جیزان کے علاقے المعایین اورعسیرکے شہر ربوعہ میں بھی سعودی فوجی اتحادیوں کو جانی اور مالی نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ ان کے متعدد ٹھکانوں کو تہس نہس کردیا ہے۔ متعدد سعودی فوجیوں کو یمنی فوج کے جوانوں نے قیدی بھی بنالیا ہے۔سعودی عرب نے امریکہ، متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ملکوں کی حمایت سے مارچ دوہزار پندرہ سے مشرق وسطی کے غریب اسلامی ملک یمن کو اپنی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے۔

ساڑھے تین سال سے جاری اس جارحیت کے نتیجے میں کم سے کم چودہ ہزار یمنی شہید و زخمی اور کئی ملین بے گھر ہوئے ہیں۔سعودی جارحیت اور محاصرے کی وجہ سے یمن کے عوام کو غربت، بیماریوں اور بھوک مری کا سامنا ہے اور اس ملک میں دواؤں اور غذائی اشیا کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ان تمام مشکلات کے باوجود یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی دفاعی طاقت میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا اور یمنی عوام کی استقامت کے نتیجے میں سعودی عرب اور اس کے اتحادی جنگ یمن کے ذریعےاپنا ایک بھی مقصد حاصل نہیں کرسکے ہیں۔

ٹیگس