Jul ۱۷, ۲۰۱۸ ۲۰:۴۳ Asia/Tehran
  • مسجد الاقصی پر صیہونیوں کا حملہ

صیہونی انتہا پسندوں نے ایک بار پھر مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصی پر حملہ کرکے اس مقدس مقام کی بے حرمتی کی ہے - جبکہ صیہونی فوج کے ہیلی کاپٹر نے منگل کی شام غزہ پر دوبارہ حملہ کیا ہے۔

فلسطین کے انفارمیشن سینٹرنے خبردی ہے کہ صیہونی انتہا پسندوں نے اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ مل کر باب المغاربہ کی جانب سے مسجدالاقصی پر حملہ کیا۔ مسجد الاقصی پر صیہونیوں کے حملوں کے بعد اسرائیلی سیکورٹی اہلکاروں نے مسجدالاقصی کے دروازے فلسطینیوں کے لئے بند کردئے اور فلسطینی نمازیوں کو مسجد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔

بیت المقدس میں اسلامی اوقاف کے پرس دفتر کے سربراہ فراس دبس نے بتایا کہ دس سے زائد صیہونی انتہا پسندوں نے جنھیں اسرائیلی فوجیوں کی پشتپناہی حاصل تھی مسجد الاقصی پر حملہ کیا اور زبردستی اس کے صحن میں داخل ہوگئے۔ صیہونیوں نے مسجد الاقصی کے صحن میں صیہونی رسومات بھی ادا کیں۔ اس دوران صیہونی فوجیوں نے مسجدالاقصی کے ایک خادم کو گرفتار بھی کرلیا۔
دوسری جانب واپسی مارچ کے دوران صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں زخمی ہونے والا ایک اور فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا۔ فلسطینی ذرائع نے خبردی ہے کہ صیہونی فوجیوں نے واپسی مارچ کے دوران اٹھائیس سالہ فلسطینی نوجوان ساری داؤد کو گولی مار کر بری طرح زخمی کردیا تھا جو منگل کی صبح زخموں کی تاب نہ لاکر شہید ہوگیا۔
اس فلسطینی کی شہادت سے گذشتہ تیس مارچ سے اب تک فلسطینیوں کے واپسی مارچ پر صیہونی فوج کے وحشیانہ حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ایک سو سینتالیس ہوگئی ہے جبکہ اس عرصے میں سولہ ہزار فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جن میں سیکڑوں کی حالت تشویشناک ہے۔
اس درمیان صیہونی فوج کے ہیلی کاپٹروں نے منگل کی شام ایک بار پھر غزہ پر حملہ کیا ہے جس میں کم سے کم دو فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں۔ صیہونی فوج کے ایک ہیلی کاپٹر نے منگل کی شام غزہ کے مشرق میں فلسطینی نوجوانوں کے ایگ گروپ پر راکٹ فائر کیا جس میں دو فلسطینی نوجوان زخمی ہوگئے۔
صیہونی فوج غزہ سے مقبوضہ علاقوں میں آتشیں غبارے بھیجے جانے کی کارروائیوں میں شرکت کرنے کے بہانے فلسطینی نوجوانوں کو نشانہ بنارہی ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ تیس مارچ کے بعد سے فلسطینی گروہوں نے صیہونی فوج کے خلاف جوابی کارروائی کے ایک طریقے کے طور پر آتشیں غباروں کو مقبوضہ علاقوں میں صیہونی بستیوں کی جانب روانہ شروع کردیا ہے۔
صیہونی فوجیوں نے غزہ کے جنوبی علاقے پر بھی حملہ کیا ہے جس کے دوران انہوں نے متعدد فلسطینی ماہیگیروں کو نشانہ بنایا ہے۔ صیہونی فوجیوں نے اپنی انسانیت سوز کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں متعدد بلڈوزروں کے ذریعے فلسطینیوں کی زرعی اراضی اور فصلوں کو بھی تباہ کردیا ہے۔

ٹیگس