Jul ۱۷, ۲۰۱۸ ۲۰:۴۸ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت کے تازہ اقدام پر حماس کا ردعمل

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے کرم ابوسالم گذرگاہ بند کرنے کے صیہونی حکومت کے اقدام کو انسانیت سوز قرار دیا ہے۔

حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے پیر کو اپنے بیان میں صیہونی حکومت کے ذریعے کرم ابو سالم گذرگاہ بند کرنے اورغزہ کے باشندوں کو ابتدائی ترین ضروریات زندگی سے محروم کردینے کو ایک گھناؤنا جرم قراردیا اور کہا کہ اسرائیل کا یہ اقدام فلسطینی عوام اور غزہ کے باشندوں کے خلاف ایک اور مجرمانہ اقدام ہے جو علاقائی اور بین الاقوامی اداروں اور حکومتوں کی خاموشی کی آڑ میں انجام پا رہا ہے۔

حماس کے ترجمان نے زور دے کر کہا کہ ابوسالم گذرگاہ کوبند کردینے سے فلسطین کی استقامتی تحریک کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور استقامتی تحریک فلسطینیوں کے حقوق کی بازیابی اور غزہ کے محاصرے کو ختم کرانے کے لئے اپنا راستہ پوری طاقت کےساتھ جاری رکھے گی اور اسرائیلیوں کے اس قسم کے اقدام سے اس کے پائے ثبات میں لغزش میں پیدا نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ اسرائیلی حکام نے اعلان کیا ہے کہ وہ منگل سے غزہ کے جنوب میں واقع کرم ابو سالم گذر گاہ بند کردیں گے - صیہونی حکومت نے گذشتہ گیارہ برسوں سے مختلف گذرگاہوں کوبند کرکے غزہ کا محاصرہ کررکھا ہے اور نتیجے میں غزہ کے باشندوں کو شدیدترین مشکلات کا سامنا ہے - صیہونی حکومت نے غزہ کے باشندوں کے لئے بنیادی ضرورت کی اشیا کی سپلائی پربھی پابندی عائد کررکھی ہے۔

ٹیگس