Aug ۱۱, ۲۰۱۸ ۱۶:۰۵ Asia/Tehran
  • فلسطینیوں کے پرامن واپسی مارچ پر صیہونی فوجیوں کا وحشیانہ حملہ

فلسطینیوں کے پرامن واپسی مارچ پر ایک بار پھر صیہونی فوجیوں نے وحشیانہ حملہ کرکے کم سے کم تین فلسطینیوں کو شہید اور اسّی سے زائد دیگر کو زخمی کردیا ہے - دوسری جانب حماس نے کہا ہے کہ اسرائیل کبھی بھی اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکے گا

فلسطین کی وزارت صحت کے مطابق صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں کے پرامن واپسی مارچ پر وحشیانہ فائرنگ کرکے ایک بار پھر تین فلسطینیوں کو شہید اور اور اسّی سے زائد کو زخمی کردیا ہے۔

       بیت المقدس کی غاصب اور ظالم صیہونی حکومت کی بربریت کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور جمعے کو ایک بار پھر فلسطینیوں کے پر امن واپسی مارچ پر صیہونی جارحیت کے نتیجے میں تین فلسطینی شہید اورچوراسی دیگرزخمی ہوگئے جن میں سے کئی ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ زخمیوں میں زیادہ تر بچے اور عورتیں ہیں۔

     غزہ کے فلسطینیوں نے مسلسل بیسویں ہفتے جمعےکو پرامن واپسی مارچ نکالا اور اپنے حقوق کی بازیابی تک اپنی جائز جد وجہد جاری رکھنے پر زور دیا- اس مارچ پر صیہونی فوجیوں نے وحشیانہ فائرنگ کردی۔

          واضح رہے کہ اسرائیلی فوج فلسطینیوں کے پرامن مظاہرے کو کچلنے کے لئے براہ راست گولیوں کا استعمال کر رہی ہے لیکن اس کے باوجود نہ فقط عالمی ادارے خاموش ہیں بلکہ امریکہ کھل کر اسرائیل کی حمایت کر رہا ہے-

      اس درمیان فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکے گی - حماس کے سینیئر رکن غازی حمد نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں اور جارحیتوں کے جواب میں مزاحمتی گروہوں کے میزائل اور راکٹوں کے حملے اس پیغام کے حامل ہیں کہ اسرائیل کبھی بھی اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکے گا -ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں فائربندی کے لئے کئے گئے اب تک کے سبھی اقدامات اور معاہدے وقتی تھے اور جب تک غاصبانہ قبضہ جاری اور غزہ کا محاصرہ باقی رہے گا اس وقت تک صیہونیوں کے ساتھ فائربندی کی کوئی ضمانت نہیں ہے -

             دوسری جانب صیہونی حکومت کی فوج نے کہا ہے کہ وہ فلسطین کے استقامتی گروہوں کے میزائلوں اور راکٹوں کے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لئے تل ابیب کے اطراف میں آئرن ڈوم تعینات کررہی ہے - صیہونی فوج کی طرف سے یہ اقدام ایک ایسے وقت کیا جارہا ہے جب گذشتہ دو روز کے دوران غزہ کی سرحد پر صیہونی فوجیوں اور فلسطینی انقلابیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں-

      فلسطینی گروہوں نے غزہ پر صیہونی فوج کے وحشیانہ حملوں کے جواب میں دو روز قبل غزہ کی سرحد کے قریب واقع اسرائیلی فوجی اڈوں اور صیہونی بستیوں پر دو سوبیس میزائل اور راکٹ فائر کئے تھے جن میں سے بہت ہی کم میزائلوں کو اسرائیل کا ڈیفنس سسٹم آئرن ڈوم ناکام بنا سکا ہے -

ٹیگس