Aug ۱۲, ۲۰۱۸ ۱۹:۲۶ Asia/Tehran
  •  امریکی پابندیاں ایران کو نہیں جھکا سکتیں، عرب تجزیہ نگار

ایک معروف عرب تجزیہ نگار نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوسروں پر پابندیوں اور بیک وقت کئی ملکوں کے ساتھ تجارتی جنگ شروع کرکے اپنے دشمنوں کی بہت بڑی خدمت کی ہے اور اتحادی ملکوں کے لیے بہت سے بحران کھڑے کر رہے ہیں۔

اسٹریٹیجک امورکے معروف عرب تجزیہ نگارعبدالباری عطوان کا کہنا ہے کہ ٹرمپ نے پابندیوں کے سلسلے میں حد سے زیادہ کام لیتے ہوئے دوسروں پر پابندیاں عائد کی ہیں اور بیک وقت کئی ملکوں کے خلاف اقتصادی محاذ کھول رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے اس طرح اپنے دشمنوں کی بہت بڑی خدمت کی ہے اور اپنے اتحادیوں کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔انہوں نے کہا اگر امریکہ میں یہ پالیسیاں جاری رہیں تو واشنگٹن کو دنیا میں اسرائیل اور سعودی عرب کے سوا ایک بھی دوست نہیں ملے گا۔عبدالباری عطوان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ امریکی  صدر پر اسرائیل کا بے انتہا اثر و رسوخ ہے لہذا پابندیوں اور محاصرے کے عمل کے پیچھے اسرائیل کا ہاتھ ہے۔

عرب دنیا کے معروف اسٹریٹیجک تجزیہ نگار کا کہنا تھا کہ محاصرہ اور پابندیاں ایران کو نہیں جھکا سکتیں اور نہ ہی ایران پر نیا یا اصلاح شدہ ایٹمی معاہدہ تھوپا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پابندیوں سے نہ ایران کی حکومت کمزور ہوگی اور نہ ہی اس میں کوئی تبدیلی آئے گی۔ عبدالباری عطوان نے کہا کہ امریکہ اب دنیا کی واحد سپرپاور نہیں ہے، اور اگر ایران روس اور ترکی پر مشتمل ٹرائیکا امریکی پابندیوں کے مقابلے میں متحدہ ہوجائے تو پابندیاں ناکام ہوجائیں گی اور ایک عالمی طاقت کی حیثیت سے امریکہ کی ساکھ بھی ختم ہوکے رہ جائے گی۔ عرب تجزیہ نگارکا کہنا تھا کہ دنیا امریکی ڈالر اور امریکی منڈیوں کے بغیر بھی زندہ رہ سکتی ہے، اور ہوسکتا ہے کہ ان پابندیوں میں کوئی خیر کا پہلو پوشیدہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ہوسکتا کہ ان پابندیوں کے نتیجے میں دنیا میں امریکہ کے خلاف بیداری کا آغاز ہوجائے اور دنیا میں ایسا جدید اور آزاد اقتصادی نظام قائم ہو جس میں ڈالر کے سوا دنیا کی بہت سی دوسری کرنسیاں موجود ہوں۔