Aug ۱۳, ۲۰۱۸ ۱۸:۳۵ Asia/Tehran
  •  مغربی ساحل پر یمنی فوج کا جارح فوجیوں کے خلاف کامیاب حملہ

یمنی افواج نے اپنی مختلف کارروائیوں میں جارح امریکی سعودی اتحاد کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہے

یمن کی فوج اور عوامی رضا کارفورس نے ملک کے مغربی ساحل پر واقع جبل النار محاذ پر جارح سعودی فوج کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے متعدد سعودی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کردیا -المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ مغربی ساحل کے ایک اور محاذ الدریہمی میں یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس کے فوجی اڈے پر سعودی اتحادی فوجیوں کے حملے کو ناکام بنانے کی کارروائی میں بھی یمنی فوج نے بہت سے جارح فوجیوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا ہے - یمنی فوج نے اسی طرح سعودی عرب کے جنوبی سرحدی شہر جیزان میں بھی کارروائی کرکے سعودی فوج کی متعدد گاڑیوں کو منہدم کردیا - 

دوسری جانب یمنی فوج نے سعودی عرب کے صوبہ عسیر کے علاقے المجازہ میں سعودی فوج کے ایک مرکز پر قبضہ کرلیا ہے اور متعدد سعودی فوجیوں کو ہلاک کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی دو بکتر بندگاڑیوں کو بھی تباہ کردیا - دریں اثنا یمنی فوج کے میزائل یونٹ نے بھی جیزان میں الدود کی پہاڑیوں پر سعودی فوجیوں کے ٹھکانوں پر گائیڈیڈ میزائلوں سے حملہ کیا -سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے ذریعے یمن کا محاصرہ جاری رہنے کے بعد یمن کی دفاعی توانائیوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے - اس درمیان صیہونی حکومت کی فوج کی خفیہ ایجنسی سے وابستہ ذرائع نے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہتھیاروں کے سودے  کا راز فاش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ جنگ یمن میں سعودی اتحاد کو مدد پہنچانے کے لئے کیا گیا ہے - اس خبر کے مطابق متحدہ عرب امارات نے اپنے ملک کےمعروف تاجر خلف الحبتور ذریعے اسرائیل کی اسلحہ ساز فیکٹری آئی ایم آئی کے ساتھ ایک سو ملین ڈالر سے زائد مالیت کا ہتھیاروں کا سودا کیا ہے - اس سود کے تحت متحدہ عرب امارات اسرائیل سے جدید ترین توپ اور میرکاوا ٹینک خریدے گا - اس سے پہلے بھی صیہونی اخبار معاریو نے خبردی تھی کہ متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے ساتھ ہتھیاروں کی خریداری کا معاہدہ کیا ہے- مذکورہ اخبار نے لکھا تھا کہ تل ابیب کے فوجی عہدیدار برسوں سےمتحدہ عرب امارات کا سفرکررہے ہیں اور اس ملک کے ساتھ ہتھیاروں کا معاہدہ کرتےہیں - اسی طرح صیہونی حکومت کے سابق وزیر جنگ موشہ یعلون نے بھی کہا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات اسرائیل کے نئے دو ست ہیں ۔

ٹیگس