Aug ۱۳, ۲۰۱۸ ۱۸:۵۱ Asia/Tehran
  • سعودی جارحیت میں شہید ہونے والے یمنی بچوں کی تدفین، ہزاروں افراد کی شرکت

شمالی یمن کے شہر ضحیان میں اسکول بس پر سعودی جارحیت میں شہید ہونے والے بچوں کی نماز جنازہ اور تدفین میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور امریکہ اور سعودی عرب کے خلاف نعرے لگائے۔

المسیرہ ٹیلی ویژن کے مطابق شمالی صوبے صعدہ کے شہر ضحیان میں سعودی عرب کےوحشیانہ حملے میں شہید ہونے والے بچوں کے جلوس جنازہ میں عوام کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر جہاں جذباتی اور رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے وہیں کمسن بچوں کے جلوس جنازہ میں شریک لوگوں نے جارح قوتوں اور ان میں سرفہرست سعودی عرب، امریکا اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے لگائے۔
دوسری جانب یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی نے صوبہ صعدہ میں اسکولی بچوں کی بس پر سعودی جنگی طیاروں کے وحشیانہ حملے اور دسیوں معصوم بچوں کی شہادت کا ذمہ دارامریکا کو قراردیا ہے۔
یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے پیر کو صوبہ صعدہ کے شہر ضحیان میں سعودی جنگی طیاروں کے حملے میں شہید ہونے والے معصوم اسکولی بچوں کی تدفین کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب کو چونکہ امریکا اسلحہ فراہم کررہا ہے اور جو بم ان بچوں کی بس پر گرائے گئے وہ امریکا کے دئے ہوئےتھے اس لئے اس انسانیت سوز جرم کا اصل ذمہ دار امریکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضحیان میں بچوں کا قتل عام جاپان اور دیگر ملکوں میں امریکی جرائم کی ہی تکرار ہے۔
یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے کہا کہ یمن کے اسکولی بچوں کی بس پر حملہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی دہشت گردانہ ماہیت کو اجاگر کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکی وزارت خارجہ اس قتل عام کا حکم نہ دیتی تو کنٹرول روم میں بیٹھے سعودی عرب اور امریکا کے فوجی افسران اس وحشیانہ جرم کا ارتکاب نہ کرتے ۔

ٹیگس