Aug ۱۵, ۲۰۱۸ ۱۹:۱۲ Asia/Tehran
  • کابل میں تعلیمی مرکز پر خودکش حملہ درجنوں جاں بحق اور زخمی

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خود کش حملے میں درجنوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے ہیں جن میں زیادہ تعداد طلبا کی ہے۔

افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے بتایا ہے کہ خود کش بمبار نے کابل کے علاقے دشت برچی میں ایک نجی تعلیمی ادارے کو نشانہ بنایا جہاں نوجوان طلبا اور طالبات یونیورسٹی میں داخلے کے لئے ٹیسٹ کی تیاری کررہے تھے۔

ابتدائی طور پر اس حملے میں پچیس افراد کے جاں بحق اور پینتیس دیگر کے زخمی ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔ خبروں کے مطابق خود کش دھماکے سے قبل  فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس کے باعث یہ خیال کیا جارہا تھا کہ حملہ آور ایک سے زائد ہیں تاہم بعد میں بتایا گیا کہ حملہ آور ایک ہی تھا۔

پولیس ترجمان حشمت استانکزئی نے خود کش حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آور پیدل آیا تھا جس نے خود کو تعلیمی ادارے کے اندر دھماکے سے اڑا لیا۔ افغان حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ نے اس دہشت گردانہ حملے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔دوسری جانب کابل شہر کی علما کونسل نے کہا ہے کہ یہ حملہ دہشت گرد  گروہ داعش نے کیا ہے۔