Aug ۱۶, ۲۰۱۸ ۰۷:۴۱ Asia/Tehran
  • افغانستان، خود کش حملے میں 60 جاں بحق، درجنوں زخمی

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونے والے خود کش حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 60 ہوگئی ہے جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کابل کے مغربی علاقے میں ایک درس گاہ موعود اکیڈمی کے باہر زور دار بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں  کم از کم 60 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے، جاں بحق و زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ افغان وزارت صحت کی جانب سے دھماکے میں 25 افراد کے جاں بحق اور 35 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

محکمہ صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 75 سے زائد افراد کو اسپتال لایا گیا جبکہ بعض زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، ہلاک و زخمی ہونے والوں میں طلبہ و طالبات شامل ہیں۔

کابل پولیس کے ترجمان  کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت درس گاہ میں 100 سے زائد طلبا موجود تھے، دھماکے کے بعد درس گاہ میں افراتفری مچ گئی اور ہر جانب دھواں پھیل گیا، دھماکے کی ذمے داری تاحال کسی  گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔

ٹیگس