Aug ۱۷, ۲۰۱۸ ۲۱:۵۹ Asia/Tehran
  • ترکی میں امریکی پادری کی رہائی کی درخواست مسترد

ترکی کی عدالت عالیہ نے امریکی پادری اینڈریو برن سن کی آزاد ی کا حکم دینے سے انکار کردیا ہے ۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ترک حکام کو ایک بار پھر دھمکی دیتے ہوئے برن سن کو فوری طور پر آزاد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

عنقرہ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ترکی کی عدالت عالیہ نے امریکی پادری اینڈریو برن سن کی نظربندی ختم کرکے آزاد کرنے کا حکم صادر کرنے سے مسلسل تیسری بار بھی انکار کردیا ہے۔ ترکی کی عدالت عالیہ نے جمعےکو برن سن کی آزادی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی پادری کو اپنی سزا کی مدت ترکی میں ہی گزارنی ہوگی ۔یہ ایسی حالت میں ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر ترک حکام کو دھمکی دی تھی کہ اگر امریکی پادری اینڈریو برن سن کو فوری طور پر آزاد نہ کیا گیا تو واشنگٹن عنقرہ کے ساتھ اپنے روابط کی سطح کم کردے گا۔امریکا کے وزیر خزانہ اسٹیو منوشین نے بھی جمعرات کی رات دھمکی دی تھی کہ اگر ترکی کی عدالت نے برن سن کی رہائی کی درخواست دوبارہ مسترد کی تو ترکی پر مزید پابندیاں لگادی جائیں گی ۔ انھوں نے کہا کہ ترکی کے خلاف نئی پابندیوں کی تیاری کرلی گئ ہے ، اور امریکی پادری اینڈریو برن سن کی رہائی عمل میں نہ آنے کی صورت میں مرحلے وار نافذ کی جائیں گی۔وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارا سینڈرز نے بھی کہا ہے کہ اگر امریکی پادری کو آزاد نہ کیا گیا تو ترکی کے خلاف مزید پابندیاں لگادی جائیں گی۔یاد رہے کہ امریکا نے اینڈریو برن سن کی آزادی کا مطالبہ پورا نہ ہونے پر ترکی کے دو وزیروں ، وزیر داخلہ اور وزیر قانون پر پابندی کے ساتھ ہی ترکی سے المونیئم اور اسٹیل کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹی دوگنی کردی ہے ۔ ترکی نے بھی اس کے جواب میں بعض امریکی مصنوعات کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹی بڑھادی ہے۔وائٹ ہاؤس نے امریکا میں ترکی سے المونیئم اور اسٹیل کی درآمد پر ڈیوٹی بڑھا ئے جانے کے جواب میں ترکی کے اقدامات کو غیر تعمیری اور غلط اقدام قرار دیا ہے۔یاد رہے کہ امریکی پادری اینڈریو برن سن کو جولائی دو ہزار سولہ کی ناکام فوجی بغاوت کے عاملین سے رابطے کے الزام میں ، اکتوبر دو ہزار سولہ میں گرفتار کیا گیا تھا۔ امریکی پادری اینڈریو برن سن پر ترکی کے فراری رہنما عبداللہ گولن سے بھی رابطے کا الزام ہے ۔ اینڈریو برن سن کو پہلے جیل میں رکھا گیا تھا پھر عدالت کےحکم سے انہیں ان کے گھر میں ہی خانہ قید کردیا گیا ہے۔

ٹیگس