Sep ۰۳, ۲۰۱۸ ۱۹:۴۵ Asia/Tehran
  • شامی فوج نے سویدا کو بھی داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا

شامی فوج نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے دہشت گردوں کے آخری گڑھ ادلب کو آزاد کرانے کی منصوبہ بندی کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ۔

دمشق میں دفاعی اور عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ شامی فوج نے پچھلے چند گھنٹے کے دوران مشرقی سویدا کے صحرائی علاقے تلول الصفا میں داعشی دہشت گردوں کے آخری ٹھکانے کو بھی تہس نہس کردیا ہے۔شامی فوج کی بھرپور کارروائیوں میں درجنوں داعشی دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔شامی فوج نے تلول الصفا کے شمال مغرب میں واقع ھاطیل ڈیم اور اس کے اطراف کے علاقوں پر داعش کے قبضے کی کوشش بھی ناکام بنادی ہے۔دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ نو اگست سے ملک کے جنوبی علاقے بادیہ شرقی میں داعش کے خلاف جاری فوجی آپریشن اب اپنے آخری مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ جس کے دوران سویدا کے تقریبا سب ہی علاقوں کو آزاد کرالیا گیا ہے۔دوسری جانب اطلاعات ہیں امریکہ کے حمایت یافتہ ایک دہشت گرد گروہ اسود الشرقیہ سے وابستہ مسلح عناصر نے صوبہ حمص کے علاقے تدمر کی جانب پیشقدمی کی کوشش کی تاہم شامی فوج نے بروقت جوابی کارووائی کرتے ہوئے اسے ناکام بنادیا۔ اس کارروائی میں اسود الشرقیہ کے درجنوں دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوگئے جبکہ دو کوگرفتار کرلیا گیا۔گرفتار ہونے والے دہشت گردوں نے اس بات کا اعتراف کیا ہے اسود الشرقیہ میں شامل دہشت گردوں کو امریکی ماہرین نے چھاپہ مار جنگ کی تربیت فراہم کی ہے۔درایں اثنا فرانس کے وزیر خارجہ جان ایوے لیدریان نے شام کی جنگ میں صدر بشار اسد کی کامیابی کو تسلیم کرلیا ہے۔ انہوں نے مغربی اور عربی اتحاد کی شام میں دہشت گرد گروہوں کی حمایت کی جانب کوئی اشارہ کیے بغیر کہا کہ بشار اسد شام کی جنگ میں کامیاب ہوگئے ہیں تاہم انہیں ملک میں امن کی بحالی میں تاحال کامیابی نہیں مل سکی ہے۔فرانس کے وزیر خارجہ نے ادلب کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے مغربی عربی اتحاد کے اس دعوے کا ایک بار پھر اعادہ کیا کہ اس علاقے میں شامی فوج بقول ان کے کیمیائی ہتھیار استعمال کرسکتی ہے جس پر انہیں تشویش ہے۔فرانس کے وزیر خارجہ نے کہا کہ انسانی المیے سے بچنے کی خاطر پیرس حکومت روس اور ترکی کے ساتھ رابطے میں ہے کیونکہ اگر بشار اسد کی فوج نے ادلب پر قبضہ بھی کرلیا تب بھی جنگ شام سے پیدا ہونے والی مشکلات حل نہیں ہوں گیں۔ادلب میں شامی فوج کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کے ممکنہ استعمال کے مغربی اور عربی پروپیگنڈے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شام کے صدر بشار اسد نے کہا ہے کہ یورپ نے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا جعلی ڈرامہ تیار کیا ہے تاکہ شام کے خلاف فوجی حملے کا جواز پیش کرسکے- صدر بشار اسد نے مزید کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی شام میں دہشت گردوں کی حتمی شکست سے خوفزدہ ہیں اور اسی لیے انہوں نے یہ ڈرامہ تیار کیا ہے۔

ٹیگس