Sep ۱۰, ۲۰۱۸ ۰۷:۴۳ Asia/Tehran
  • افغانستان: 44 ہلاک، امریکہ کی غلط رپورٹنگ

افغانستان میں جھڑپوں میں30سیکیورٹی فاہلکاروں سمیت 44 افراد ہلاک ہو گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان نے افغانستان کے صوبے بغلان میں فوجی اور پولیس چوکیوں پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں 30 افغان سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے۔

افغان سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب طالبان نے صوبہ بغلان کی 5 آرمی اور 8 پولیس چوکیوں پر قبضہ کرلیا ہے اور عام شہریوں کو بھی نشانہ بنایا تاہم سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکتوں کے حوالے سے سرکاری سطح پر تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

ادھر افغان صوبے بادغیس پولیس کے ترجمان نقیب اللہ امینی نے دعویٰ کیا ہے کہ ضلع ابکماری میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں طالبان کمانڈر مولوی نذیر اپنے دیگر 11 دہشتگردوں کے ہمراہ مارا گیا ہے۔

دوسری جانب کابل میں خود کش دھماکے میں 3 افراد ہلاک اور 14 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ خود کش دھماکا موٹر سائیکل سوار شخص نے افغان لیڈر احمد شاہ مسعود کی 17 ویں برسی میں شرکت کے لیے جانے والے قافلے پر کیا۔

ادھرامریکی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی حکومت نے 17 سال سے جاری افغان جنگ سے متعلق عوام کو گمراہ رکھا ہے۔

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے تحقیقاتی رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوجیوں کی افغان سرزمین پر موجودگی کا جواز پیش کرنے کے لئے حکام اعداد وشمار کو بڑھا چڑھا کر بیان کرتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق امریکانے 17 سال سے جاری افغان جنگ پرعوام کو گمراہ رکھا،فوجیوں کی موجودگی کے غلط جواز پیش کیےاور اعداد و شمار کو بڑھا چڑھا کر بیان کیا ۔

رپورٹ کے مطابق ہر ایک طالب کے مقابلے میں 10 افغان فوجی اہلکاروں کے ہونے کا امریکی دعویٰ بھی جھوٹ کا پلندا ہے کیونکہ ان کا وجود صرف کاغذوں تک محدود رہ گیا ہے۔

 

ٹیگس