Sep ۱۶, ۲۰۱۸ ۱۴:۵۳ Asia/Tehran
  • دمشق ایر پورٹ پر اسرائیل کا ناکام میزائل حملہ

اسرائیل نے دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر میزائل حملہ کیا ہے جسے شامی فوج نے ناکام بنا دیا۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس اے این اے کے مطابق شامی فوج نے دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اسرائیل کے میزاحملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
شامی فوج کے اینٹی ایر کرافٹ یونٹ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے داغے جانے والے میزائلوں کو نشانہ بنا کر فضا ہی میں تباہ کر دیا۔
بعض رپورٹوں مں کہا گیا ہے کہ صیہونی حکومت نے دمشق کے ہوائی اڈے کی جانب چھے میزائل فائر کیے تھے۔
اسرائیل نے پیر تین ستمبر کو بھی شام کے مغربی شہر حماہ کے نواحی علاقے وادی العیون کے فوجی ایر بیس پر پانچ میزائیل فائر کیے تھے جنہیں شامی فوج کے اینٹی ایر کرافٹ یونٹوں نے فضا ہی میں تباہ کر دیا تھا۔
صیہونی حکومت، اس سے پہلے بھی کئی بار دہشت گردوں کی حمایت میں شامی فوج اور اس ملک کی بنیادی تنصیبات کو نشانہ بناتی رہی ہے۔
دوسری جانب شام کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردوں کے خاتمے کا وقت قریب آگیا ہے۔
محمد الشعار کا کہنا تھا کہ شام کی فوج اور شامی قوم کو ملک کے دیگر علاقوں میں ملنے والی شاندار کامیابیوں نے دہشت گردوں کی بیخ کنی اور مکمل صفائے کا راستہ ہموار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے عنقریب دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا۔
ادھر شام کے وزیر دفاع علی عبداللہ ایوب نے صدر بشار اسد کی خصوصی ہدایت کے مطابق حماہ، ادلب اور لاذقیہ کے نواحی علاقوں کا دورہ کیا ہے اور وہاں موجود فوجی کمانڈروں سے ملاقاتیں کی ہیں۔
ان کے اس دورے کا مقصد ادلب میں فوجی آپریشن کے حوالے سے تیاریوں کو آخری شکل دینا ہے۔
ترکی کی سرحد قریب واقع شام کا شمال مغربی صوبہ ادلب دہشت گردوں کا آخری گڑھ سمجھا جاتا ہے اور تاحال اس علاقے میں موجود دہشت گردوں نے دمشق حکومت سے مصالحت پر آمادگی ظاہر نہیں کی ہے۔
شامی فوج نے اس علاقے کو دہشت گردوں سے مکمل آزاد کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔

ٹیگس