Sep ۲۰, ۲۰۱۸ ۱۸:۴۱ Asia/Tehran
  • یمنی عوام جارحین کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے، الحوثی

یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا ہے کہ ان کا ملک دشمنوں کے ناجائز مطالبات کے سامنے سرتسلیم خم نہیں کرے گا۔

 یوم عاشور کے موقع پر دارالحکومت صنعا میں عزاداری کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا کہ سعودی اتحاد یمنی عوام کو جھکانا چاہتا ہے لیکن وہ ہرگز دشمنوں کے ناجائز مطالبات کے سامنے نہیں جھکیں گے اور سید الشھدا حضرت امام حسین علیہ السلام کی طرح یہی کہیں گے کہ ہیھیات من الذلہ۔ یعنی ذلت کی زندگی سے عزت کی موت بہتر ہے۔
 انصاراللہ کے سربراہ نے یمن پر قبضے کے لیے سعودی اور اماراتی اتحاد کی کوششوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ استقامت کے ذریعے اس اتحاد کی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا جائے گا۔
 انہوں نے یمنی عوام سے اپیل کی کہ وہ مغربی ساحلی علاقوں پر سعودی اماراتی اتحاد کے حملوں کے مقابلے میں یمنی فوج اور انصار اللہ کے مجاہدین کی حمایت کریں اور ان کی صفوں میں شامل ہو جائیں۔
 سیدعبدالملک بدارالدین الحوثی نے کہا کہ جارح سعودی اتحاد کی یمنیوں سے دشمنی کی وجہ یہ ہے کہ یمن کے عوام اپنی آزادی اور عزت پر سودے بازی کے لیے تیار نہیں۔
انہوں نے ایک بار پھر فلسطین سمیت امت مسلمہ کے اہم مسائل کے حوالے سے انصاراللہ کے دیرینہ موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم پوری قوت کے ساتھ فلسطینی عوام کی تحریک آزادی کی حمایت کرتے ہیں۔
 

ٹیگس