Sep ۲۵, ۲۰۱۸ ۱۴:۳۰ Asia/Tehran
  • عراقی صدارت کے لئے دو خواتین سمیت تیس امیدوار نامزد

تیس عراقی رہنماؤں نے صدارت کے لئے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں۔

عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد الحلبوسی نے نجف اشرف میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی صدارت اتنہائی اہم عہدہ ہے اور اس کے لیے اب تک تیس امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی آئین کی حفاظت کرنا صدر کی ذمہ داری ہے اور صدر ہی ملک کے آئندہ وزیراعظم کو کابینہ کی تشکیل کی ذمہ داریاں سپرد کرتا ہے۔
عراقی میڈیا کے مطابق جن لوگوں نے صدر کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ان میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔
عراقی صدر کے انتخاب کے لیے پارلیمنٹ کا اجلاس منگل کو طلب کیا گیا تھا تاہم دو بڑی کرد جماعتوں کے درمیان صدارت کے معاملے پر جاری اختلافات کی وجہ سے اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔
عراقی آئین کے تحت اس ملک کا صدر اہلسنت کرد آبادی سے منتخب کیا جاتا ہے۔ عراق کا اسپیکر اہلسنت سے جبکہ وزیراعظم اکثریتی شیعہ آبادی سے تعلق رکھتا ہے۔

ٹیگس