Oct ۰۶, ۲۰۱۸ ۲۰:۰۰ Asia/Tehran
  • مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے خان الاحمر میں جاری ہڑتال

مقبوضہ بیت المقدس میں واقع خان الاحمر میں اس قصبے کو تباہ کئے جانے سے متعلق غاصب صیہونی حکومت کے فیصلے کی مخالفت میں فلسطینیوں کی غیر معینہ مدت ہڑتال کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ہڑتال کرنے والے فلسطینیوں نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ خان الاحمر کے شہریوں کو بے گھر کرنے سے متعلق صیہونی حکومت کے فیصلے کے خلاف چار ماہ قبل شروع کی جانے والی ہڑتال کا سلسلہ یونہی جاری رہے گا۔

جمعے کے روز فلسطینیوں نے خان الاحمر روڈ پر صیہونی فوجیوں کی موجودگی میں شدید احتجاج کیا اور اس علاقے کے لوگوں سے استقامت کا مظاہرے کرنے کی اپیل کی۔

مظاہرین نے تاکید کے ساتھ اعلان کیا کہ فلسطینیوں کا عزم و ارادہ، صیہونی حکومت کے ٹینکوں اور بلڈوزروں سے کہیں زیادہ پختہ اور مستحکم ہے اور اسی عزم و ارادے کے نتیجے میں مختلف میدانوں میں غاصب صیہونی حکومت بالکل بے بس نظر آتی ہے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ فلسطین کی صیہونی عدالت نے مئی میں خان الاحمر کے دو سو افراد پر مشتمل پینتیس گھرانوں کو خان الاحمر سے نکال دیئے جانے کا حکم سنایا ہے۔

یہ فلسطینی، سنہ انّیس سو ترپن میں صحرائے نقب سے نکال دیئے گئے تھے جس کے بعد سے وہ خان الاحمر میں رہائش پذیر رہے ہیں۔

ٹیگس