Oct ۱۹, ۲۰۱۸ ۰۷:۱۴ Asia/Tehran
  • افغانستان، فائرنگ سے گورنر، خفیہ ایجنسی کا سربراہ اور پولیس چیف ہلاک

افغان صوبے قندھار میں سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے گورنر، خفیہ ایجنسی کا سربراہ اور پولیس چیف ہلاک ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق قندھار گورنر کے کمپاؤنڈ میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس کے بعد سیکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کرکے گورنر زلمائےویسا، پولیس چیف جنرل عبد الرازق اور انٹیلی جنس چیف عبدالمومن حسین خیل کو ہلاک کردیا۔

ڈپٹی گورنر قندھار نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس چیف کے سیکیورٹی گارڈ نے گولیوں کی بوچھاڑ کردی جس کے نتیجے میں اعلیٰ حکام ہلاک ہو گئے۔ امریکی کمانڈر جنرل ملراس حملے میں محفوظ رہے۔

افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ میٹنگ ختم ہونے کے اختتام پر ہیلی پیڈ کی طرف جاتے ہوئے سیکیورٹی گارڈ نے اعلیٰ حکام کو اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ ترجمان نیٹو کا کہنا ہے کہ کمانڈر اسکاٹ ملر فائرنگ کے بعد بحفاظت گورنر کمپاؤنڈ سے نکل گئے جبکہ فائرنگ سے ایک امریکی اہلکار اور ایک امریکی شہری بھی زخمی ہوئے۔

فائرنگ سے متعدد افغان فوجی بھی زخمی ہوئے۔

دوسری جانب طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے 20 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات کو ناکام بنانے کے لیے مزید حملوں کا اعلان کیا ہے۔

ٹیگس