Oct ۱۹, ۲۰۱۸ ۰۸:۴۷ Asia/Tehran
  • افغانستان میں پارلیمانی انتخابات پاک - افغان بارڈر بند

افغانستان میں پارلیمانی انتخابات کے باعث پاک - افغان طورخم اور چمن بارڈر آج سے دو روز کے لئے بند کردیا گیا ہے جس کے باعث ہر قسم کی تجارتی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغانستان میں پارلیمانی انتخابات کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ افغانستان میں پارلیمانی انتخابات ایسے میں ہو رہے ہیں کہ جب طالبان نے اس ملک کے عوام سے کہا ہے کہ وہ انتخابات کا بائیکاٹ کریں ۔ طالبان نے اس سے پہلے بدھ کے روز اساتذہ کو بھی الیکشن میں پولنگ اسٹیشنز پر ڈیوٹی دینے سے منع کردیا تھا کیونکہ زیادہ تر پولنگ اسٹیشن اسکولوں میں ہی قائم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے واضح پیغام دیا ہے کہ ووٹنگ کے عمل سے اسلام یا افغان تہذیب کا کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ یہ صرف افغانستان پر قبضہ کو توسیع دینے کی ایک بین الاقوامی سازش ہے اور ہر افغان مسلمان کا یہ فرض ہے کہ اس کی مخالفت کرے۔

متعدد بار تاخیر کا شکار ہونے والے انتخابات کو افغانستان کے جمہوری اداروں کے لیے ایک بنیادی امتحان سمجھا جاتا ہے ۔

ادھرافغانستان میں انتخابات کے موقع پرافغان حکام کے مطابق پاک - افغان باب دوستی گیٹ جمعہ اور ہفتے کو بند رہے گا تاہم باب دوستی سے انسانی مشکلات کی خاطر دو طرفہ پیدل آمد و رفت بحال رہے گی۔

حکام نے بتایا کہ ہفتے کو افغانستان میں پارلیمانی انتخابات منعقد ہو رہے ہے جن کے سلسلے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کی گئی ہے۔

ٹیگس