Oct ۲۰, ۲۰۱۸ ۱۴:۲۷ Asia/Tehran
  • جارح افواج کے خلاف یمنی فوج کا جوابی حملہ

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ڈرون و میزائل یونٹ نے مغربی ساحل پر واقع متحدہ عرب امارات کے آپریشنل ہیڈکوارٹر کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا ہے۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے یمنی صوبے مآرب میں واقع صرواح کے علاقے ہیلان کے قریب سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں پر بھی حملہ کیا جس میں سعودی اتحاد کے فوجیوں کو بھاری جانی ومالی نقصان پہنچا۔

دوسری جانب یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے چیئرمین محمد علی الحوثی نے اپنے ٹوئٹ میں یمنی عوام کے مسائل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ امریکی حمایت سے سعودی اتحاد کی جارحیتوں کے دوران  یمنی عوام کی بھوک مری کی ذمہ دار، عالمی برادری ہے جس کی جانب سے کسی بھی طرح کی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیاجا رہا ہے۔

عالمی ادارہ خوراک کے دفتر کے انچارج اسٹیفن اینڈرسن کا کہنا ہے کہ ایک کروڑ دس لاکھ یمنی شہریوں کو قحط و بھوک مری کا سامنا ہے۔

اس سے قبل یمن میں اقوام متحدہ کے انسانی امور کی کوآرڈینیٹر لیز گرینڈی نے بھی خبردار کیا تھا کہ جنگ جاری رہنے کی صورت میں یمنی عوام کو صدی کی سب سے بھیانک بھوک مری کا سامنا کرنا پڑجائے گا۔

واضح رہے کہ یمن پر سعودی اتحاد کی جارحیت میں اب تک چودہ ہزار سے زائد یمنی شہری شہید اور ہزاروں زخمی اور لاکھوں دیگر بے گھر ہو چکے ہیں۔

ٹیگس