Oct ۲۱, ۲۰۱۸ ۰۷:۳۵ Asia/Tehran
  • افغانستان میں انتخابات کے دوران 44 ہلاک

افغانستان میں پارلیمانی انتخابات کے لیے 32 اضلاع میں پولنگ ہوئی۔ پارلیمانی انتخابات میں 249 نشستوں کے لیے 2500 سے زائد امیدوار میدان میں تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان میں پارلیمانی انتخابات کے لئے ووٹنگ کے دوران دھماکوں ،گرینیڈ حملوں اور دیگر پرتشدد واقعات میں 44 افراد ہلاک اور 238 زخمی ہوگئے، زخمیوں میں کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔

افغان وزیر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 10 پولیس اہلکار،1افغان فوجی اور دیگر شہری شامل ہیں ۔

افغان وزیر اطلاعات وائس برمک کے مطابق ووٹنگ کے دوران ملک بھر میں دھماکوں اور دیگرحملوں کے192 واقعات ریکارڈ ہوئے۔

وائس برمک کے مطابق بائیومیٹرک سسٹم اور دیگر انتظامی خرابیوں کے باعث کچھ علاقوں میں پولنگ کا عمل کل ہوگا، ووٹنگ میں خواتین کی بڑی تعداد نے حصہ لیا، افغان پارلیمانی انتخابات میں تقریباً نوے لاکھ افراد ووٹنگ کے اہل تھے۔

دہشت گردی کی ایک کارروائی شمالی کابل کے اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن کے باہر ہوئی جہاں بم دھماکے کی زد میں آ کر چار افراد زخمی ہوئے۔

افغان صوبے غور میں بھی شدت پسندوں نے پولنگ اسٹیشن جاتے ہوئے پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا ہے جس میں چار اہلکار جاں بحق ہوگئے ہیں۔

دوصوبوں میں دہشتگرد کارروائیوں کے سبب الیکشن مؤخر کیے گئے ہیں۔ جن صوبوں میں انتخابات ملتوی ہوئے ہیں ان میں ہلمند اور قندھار شامل ہیں۔

طالبان نے اعلان کیا تھا کہ وہ انتخابات کے دوران امیدواروں کو نشانہ بنائیں گے، انہوں نے اپنی دھمکی پر عمل کرتے ہوئے انتخابی مہم کے دوران دس امیدواروں کو ہلاک کر دیا تھا۔

انتخابات سے ایک روز قبل طالبان نے عوام کو تنبیہ کی تھی کہ ووٹ ڈالنے کے لیے اپنے گھروں سے نہ نکلیں۔

 

ٹیگس