Oct ۲۳, ۲۰۱۸ ۱۴:۲۵ Asia/Tehran
  • خاشقجی قتل کیس، ترکی کا عالمی اداروں سے تعاون کا اعلان

ترکی کے وزیرخارجہ نے مخالف سعودی صحافی جمال خاشقجی قتل کیس کے حوالے سے اقوام متحدہ اور عالمی عدالت انصاف کے ساتھ بھرپور تعاون کا اعلان کیا ہے۔

انقرہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ترک وزیرخارجہ مولود چاؤش اوغلو نے یہ بات زور دے کر کہی کہ جمال خاشقجی قتل کیس کی معلومات کسی بھی ملک کو فراہم نہیں کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ترکی نے فیصلہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی عدالت انصاف کی جانب سے تحقیقات کی صورت میں پوری شفافیت کے ساتھ اس کیس کی پیروی کی جائے۔
ترک وزیر خارجہ نے یہ بات بھی زور دے کر کہی کہ ترک تحقیقاتی ٹیم میں کوئی بھی سعودی شامل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے جمال خاشقجی کے قتل کا اعتراف اگر چہ تاخیر سے کیا گیا ہے تاہم یہ کافی اہم پیشرفت ہے۔
دوسری جانب ترک صدر کے ترجمان نے کہا ہے کہ سعودی حکومت کے مخالف صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے حوالے سے کوئی بات نہیں چھپائی جائے گی اور اس بارے میں پائے جانے والے ابہامات کو دور کیا جائے گا۔
صدر رجب طیب اردوغان کے ترجمان ابراہیم کالین نے کہا کہ سعودی قونصل خانے میں جمال خاشقجی کے قتل کے حوالے سے تفصیلات جلد منظرعام پر لائی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ترک حکومت اس معاملے کی جانچ پڑتال اور شکوک و شبہات دور کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات عمل میں لائے گی۔
ترک صدرکے ترجمان نے واضح کیا کہ جمال خاشقجی قتل کیس میں پائے جانے والے شکوک و شبہات کے حوالے سے سعودی حکام پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔
اس سے پہلے صدر رجب طیب اردوغان نے کہا تھا کہ وہ جمال خاشقجی قتل کیس کی تحقیقات کے مکمل نتائج نیز پندرہ رکنی سعودی ڈیتھ اسکواڈ کی ترکی آمد اور سعودی عرب میں اٹھارہ افراد کی گرفتاری سے متعلق تفصیلات کا آج منگل کے روز اعلان کریں گے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق ترک پولیس نے کہا ہے کہ اس نے استنبول کی پرائیویٹ کار پارکنگ سے سعودی قونصل خانے کی نمبر پلیٹ والی گاڑی برآمد کی ہے۔
پولیس نے خیال ظاہر کیا کہ ہے کہ یہ گاڑی وہی ہو سکتی جس کا جمال خاشقجی کی گمشدگی سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیج میں سعودی قونصل خانے کے باہر مشاہدہ کیا گیا تھا۔

 

ٹیگس