Nov ۱۰, ۲۰۱۸ ۱۸:۵۲ Asia/Tehran
  • سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان ہتھیاروں کا سودا

عرب میڈیا نے خبردی ہے کہ سعودی عرب نے اسرائیل سے پانچ سو مرکاوا ٹینک خریدے ہیں جو سعودی عرب اور صیہونی حکومت کے درمیان اب تک کا سب سےبڑا خفیہ فوجی معاہدہ ہے۔

عرب میڈیا نے خبردی ہے کہ سعودی عرب نے اسپین کی ایک کمپنی کی وساطت سے اسرائیل سے پانچ سو مرکاوا ٹینک خریدے ہیں۔ یہ ٹینک اسپین کے نام سے خریدے گئے ہیں لیکن سعودی ولیعہد بن سلمان نے ان ٹینکوں کی خریداری کے لئے نقد رقم دی ہے اور یہ سارے ٹینک اسپین کی بحریہ کے ذریعے اور چھے مہینے کے عرصے میں سعودی عرب کی فوج کے حوالے کئے گئے ہیں۔

پروگرام کے مطابق اسپین کی اسی کمپنی کی وساطت سے صیہونی فوجی افسران سعودی عرب کے فوجیوں کو مرکاوا ٹینکوں کو چلانے کی ٹریننگ دیں گے۔

اسرائیل کے ساتھ سعودی عرب کے فوجی معاملات ایک ایسے وقت ہورہے ہیں جب اعداد و شمار کے مطابق صیہونی حکومت نے انیس سو سڑسٹھ سے دوہزار سترہ کے برسوں میں بیالیس ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید اور دسیوں ہزار کو زخمی اور بے گھر کیا ہے۔