Nov ۱۳, ۲۰۱۸ ۱۴:۲۰ Asia/Tehran
  • شام پر امریکی فضائی حملے

امریکہ کی زیرکمان نام نہاد داعش مخالف بین الاقوامی اتحاد کے جنگی طیاروں نے مشرقی شام میں دیرالزور کے الشعفہ علاقے پر حملہ کیا ہے۔

شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی سانا نے کہا ہے کہ دیرالزور کے علاقے الشعفہ پرامریکہ کی زیرکمان داعش مخالف نام نہاد عالمی اتحاد کے جنگی طیاروں کے حملے میں کم از کم ساٹھ افراد جاں بحق و زخمی ہوئے ہیں۔

امریکی اتحاد کے جنگی طیاروں نے ہجین کو بھی اپنے حملے کا نشانہ بنایا جس میں دو عورتیں اور دو بچے جاں بحق ہو گئے۔

جمعے کی رات بھی ہجین پرامریکی اتحاد کی جارحیت میں چھبّیس عام شہری مارے گئے تھے۔

شام کی حکومت نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئرمین کے نام بارہا اپنے مراسلوں میں شام پر امریکی اتحاد کے حملے بند کرائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

امریکی اتحاد کے حملوں پر نظر رکھنے والے گروپ نے بھی اعلان کیا ہے کہ عراق اور شام پر دو ہزار چودہ سے جاری امریکی اتحاد کے حملوں میں اب تک پانچ ہزار سے زائد عام شہری مارے جا چکے ہیں۔

ٹیگس