Nov ۱۵, ۲۰۱۸ ۱۷:۱۰ Asia/Tehran
  • یمنی قبائل کی جانثاری جارح دشمن کی شکست کا باعث بنی، انصاراللہ

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کی اعلی سیاسی کونسل کے چیئرمین مہدی المشاط نے کہا ہے کہ یمنی قبائل کی جانبازی و جانثاری جارح دشمن کے مقاصد کے ناکام ہو جانے کا باعث بنی ہے۔

المسیرہ ٹی وی کے حوالے سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کی اعلی سیاسی کونسل کے چیئرمین مہدی المشاط نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں معروف یمنی قبائل کے سرداروں اور عمائدین سے ملاقات میں یمن کی موجودہ میدانی صورت حال پر روشنی ڈالی۔

انھوں نے اس ملاقات میں جارح دشمنوں کے مقابلے میں یمنی قبائل کے کردار پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ یمنی قبائل نے اپنی شجاعت و فداکاری سے مسلط کردہ جنگ کا مقابلہ کیا اور سعودی دشمنوں کے عزائم پر پانی پھیر دیا۔

دوسری جانب یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے بدھ کی رات جنوبی سعودی عرب کے علاقے جیزان میں سعودی عرب کے دو ڈرون طیاروں کو مار گرایا۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے بدھ کی رات جنوبی سعودی عرب کے علاقے جیزان میں سعودی عرب کے ان جاسوس طیاروں کو الدود کی پہاڑیوں میں اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔

یمن کے خلاف جارح سعودی اتحاد کے حملوں اور مسلط کردہ جنگ کے آغاز سے اب تک یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس سعودی اتحاد کے دسیوں ڈرون طیاروں کو نشانہ بنا چکی ہے۔

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے بدھ کی رات یمن کے جنوب مغرب میں واقع صوبے تعز کے جنوب مشرق کے علاقے صلو میں سعودی اتحاد کے فوجیوں پر بھی حملہ کیا۔

المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی کارروائی میں سعودی اتحاد کے تین فوجی ہلاک اور آٹھ دیگر زخمی ہو گئے۔

یمن کی مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر انچیف میجر جنرل علی الموشکی نے حال ہی میں کہا تھا کہ یمنی فوج نے تہیہ کیا ہے کہ کسی بھی جارح فوجی کو یمن سے زندہ واپس نہیں جانے دیا جائے گا۔

یمن کے تمام تر محاصرے کے باوجود یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی دفاعی طاقت و توانائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اور وہ سعودی اتحاد کی جارحیت کا منھ توڑ جواب دے رہی ہیں۔

سعودی عرب نے امریکا اور اسرائیل کی حمایت سے اور اتحادی ملکوں کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ جارحیتوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

اس دوران سعودی حملوں میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ دسیوں لاکھ یمنی باشندے اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

یمن کا محاصرہ جاری رہنے کی وجہ سے یمنی عوام کو شدید غذائی قلت اور طبی سہولتوں اور دواؤں کے فقدان کا سامنا ہے۔

سعودی عرب نے غریب اسلامی ملک یمن کی بیشتر بنیادی تنصیبات اسپتال اور حتی مسجدوں کو بھی منہدم کر دیا ہے۔

ٹیگس