Nov ۱۸, ۲۰۱۸ ۱۷:۴۴ Asia/Tehran
  • ایران و عراق تعلقات فطری اور اٹوٹ ہیں

مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی اور عراقی صدر برہم صالح نے تہران بغداد تعلقات کو فطری اور اٹوٹ قرار دیا ہے۔

 ہفتے کی شب تہران میں عراقی صدر برہم صالح سے بات چیت کرتے ہوئے ایران کی قومی اسمبلی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے صدر عراق کے تہران دورے کو دونوں ملکوں کے تعلقات میں اہم موڑ قرار دیا۔
 انہوں نے کہا کہ بعض قوتیں ایران اور عراق کے فطری تعلقات میں خلل ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہی ہیں۔
ایران کے پارلیمانی اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے ایران و عراق تعلقات کو تاریخی اور دوستانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ کے نتیجے میں باہمی تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی جس سے دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔
 ڈاکٹر علی لاریجانی نے علاقائی مسائل کے حل میں عراق اور ترکی کے کردار کو ضروری قرار دیا اور یہ بات زور دے کر کہی کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے ایران، پاکستان، روس، ترکی اور افغانستان کی بین الپارلمانی کمیٹی قائم ہو چکی ہے اور تہران کو امید ہے کہ عراق بھی مذکورہ کمیٹی میں شامل ہو جائے گا۔
 ایران کے اسپیکر نے بحران شام کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عراق بھی بحران شام کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
 عراق کے صدر برہم صالح نے اپنے دورہ ایران پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔
 اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے بھی صدر برہم صالح کی قیادت میں اعلی سطحی عراقی وفد کے دورہ ایران کو دونوں ملکوں کے تعلقات کے حوالے سے خوش آئند قرار دیا ہے۔
اپنے ایک ٹوئیٹ میں ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے لکھا کہ ایرانی اور عراقی عہدیداروں نے خطے کی سلامتی اور استحکام کے حوالے سے مستقبل کے تعاون کے بارے میں بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔
 عراق کے صدر برہم صالح ہفتے کے روز ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ تہران پہنچے تھے۔ انہوں نے تہران میں اپنے قیام کے دوران رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای، صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی، اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی، وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی سے الگ الگ ملاقات اور گفتگو جس میں تمام شعبوں میں باہمی تعلقات کے فروغ  کے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
عراقی صدر اتوار کے روز اپنا دورہ ایران مکمل کر کے تہران سے بغداد کے لیے روانہ ہو گئے۔ 

ٹیگس